’مشن مجنوں‘ کا ٹریلر: انڈین جاسوس پاکستان میں مگر ’یہ جوہری پلانٹ کی بجائے مزار لگتا ہے‘

بی بی سی اردو  |  Jan 11, 2023

بالی وڈ میں انڈیا اور پاکستان کی تقسیم کے علاوہ دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات پر درجنوں فلمیں بنی ہیں، جن میں کئی کلاسک کا درجہ رکھتی ہیں تو کئی حب الوطنی کے جذبوں سے سرشار بلاک بسٹر فلمیں ثابت ہوئی ہیں۔

حال ہی میں او ٹی ٹی پلیٹفارم نیٹ فلکس پر ایک فلم ’مشن مجنوں‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا ہے جس پر سوشل میڈیا میں مباحثہ جاری ہے۔

گذشتہ دنوں جب فلم کے اداکار اور بالی وڈ فنکار سدھارتھ ملہوترا نے فلم کا ٹریلر شیئر کیا تو اس پر پاکستان کی جانب سے بہت سے صارفین نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔

فلم کے ٹریلر میں بظاہر پاکستان کے جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کے لیے انڈیا کی جانب سے ایک مشن تیار کیا جاتا ہے جسے ’مشن مجنوں‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ اس ٹریلر میں ایک جگہ پاکستانی سائنسدان عبدالقدیر خان کا بھی حوالہ ملتا ہے۔

https://twitter.com/SidMalhotra/status/1612414210188914689

تا دم تحریر اس ٹریلر کو 27 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا ہے۔ اس پر چار ہزار سے زیادہ لائیکس ہیں جبکہ ڈھائی ہزار سے زیادہ لوگوں نے اس پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔

یہ فلم نیٹ فلیکس پر 20 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔

اس میں سب سے زیادہ جس بات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ ’سچے واقعات پر مبنی‘ والا دعویٰ ہے۔ اس کے علاوہ لوگ طرح طرح کے میمز بھی شیئر کر رہے ہیں اور وہ بھی بالی وڈ کی فلموں سے ہی۔

Getty Imagesسدھارتھ ملہوترا اور رشمیکا مندانہ

فلم میکر اور صحافی زین خان نے سدھارتھ ملہوترا کو جواب دیتے ہوئے لکھا: ’ہم دونوں جانتے ہیں کہ یہ سچے واقعات سے انسپائرڈ (متاثرہ) نہیں ہے بلکہ کسی بھی حال میں افسانہ ہے۔‘

جبکہ ٹی وی ہوسٹ ربیعہ انعم عبید نے لکھا: ’پاکستان کے متعلق اس طرح کی بیکار فلمیں بنانا بند کریں۔ وہ جعلی آداب، ٹوپی، سرمے والی آنکھیں اور حماقت بھری کہانی۔۔۔ بس کر دو بس۔‘

جبکہ شہریار رضوان نے لکھا کہ ’یہ کتنا مضحکہ خیز بچگانہ عمل ہے۔ انڈیا کا جاسوس پاکستان کی جوہری تنصیبات میں گھس جاتا ہے۔

’یہ کس سچے واقعات سے متاثر ہے۔ نیٹ فلیکس گمراہ کرنا بند کرو۔ اوریجنل آئیڈیاز لے کر آئیں۔ یہ 2023 ہے۔ پاکستان مخالف بیانیہ بند کریں، بی جے پی حکومت سے ڈرنا بند کر دیں۔ امن، محبت دوستانہ رشتوں کو پھیلائيں۔‘

اسی طرح کی بات عزیر سعید نے بھی لکھی ہے۔ انھوں نے لکھا: ’پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانے کے انڈین جنون کا کیا کِیا جائے۔ اگر آپ کے پاس پیسے ہیں، طاقت اور ہمت ہے تو آپ ان کا استعمال ایسا ماحول پیدا کرنے میں کریں جو امن، ہم آہنگی پیدا کرے۔

’اور ہمارے رہنماؤں کو دیر پا دوستی کے لیے راستہ ہموار کرنے پر مجبور کرے۔‘

https://twitter.com/uzairsayied/status/1612927241389752325

ٹریلر میں کیا ہے؟

بظاہر یہ ایک ’سپائی تھریلر‘ فلم ہے جس کی ٹریلر میں ظاہر شدہ کہانی کے مطابق ایک انڈین جاسوس پاکستان میں اس مشن کے ساتھ آتا ہے کہ ملک کی جوہری تنصیبات کو ڈھونڈ کر ختم کیا جائے۔

ٹریلر میں پاکستان کے جوہری تنصیبات کو دکھایا جاتا ہے اور پہلا منظر جو سامنے آتا ہے اس میں دو دیوقامت چمنیاں ہیں اور اس کے ساتھ ایک گنبد نما عمارت اور پھر اندر کے مناظر ہیں جس میں مشینیں ہیں۔

جبکہ اس میں بتایا جاتا ہے کہ ’پاکستان غیر قانونی طور پر جوہری بم بنا رہا ہے۔ ہمیں اس کی نیوکلیئر فیسیلیٹی کو ڈھونڈ کر اسے نیوٹرلائز کرنا ہوگا۔‘

اس کے بعد بہت سے لڑاکا طیارے فضا میں اُڑتے نظر آتے ہیں اور پھر ایک آدمی بظاہر اس وقت کی انڈین وزیر اعظم اندرا گاندھی کو بتا رہا ہوتا ہے کہ ’اور یہاں گولی بارود کی نہیں یہاں انٹیلیجنس کی ضرورت ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا کے کپڑوں کو مذہبی رنگ دینے پر بحث

’بائیکاٹ نیٹ فلکس‘: انڈیا میں مندر میں بوسے کی فلمبندی پر سوشل میڈیا میں ہنگامہ

اور پھر اداکار سدھارتھ ملہوترا ایک سکوٹر کے ساتھ ٹولز لیے بیٹھے نظر آتے ہیں۔ جبکہ بیک گراؤنڈ سے بیانیہ جاری رہتا ہے۔ ’ایک ایسا آدمی جو بغیر کسی کا دھیان کھینچے یہ کام کر جائے۔‘

پھر سدھارتھ ملہوترا کو کپڑے سیتے دیکھا جا سکتا ہے جو کہتا ہے کہ ’پورے پاکستان میں آپ کو مجھ سے بہتر درزی نہیں ملے گا۔‘

وہ کہیں پلمبر اور کہیں میکنک کے روپ میں خود کو متعارف کراتا ہوا جوہری تنصیبات کی تلاش میں سرگرم عمل رہتا ہے۔ اور اس کو ہینڈل کرنے والے کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس کام کے لیے سب سے مناسب آدمی موجود ہے۔

سدھارتھ کہتے ہیں کہ ’جاسوس ہوں، منشی نہیں۔‘ پھر انگریزی میں کہا جاتا ہے کہ مشن کو دیکھتے ہوئے انڈیا کی اس سے ساری امیدیں وابستہ ہیں۔ یہاں تھوڑا محبت اور شادی وغیرہ کا آزمودہ بالی ود مسالہ بھی ہے۔

آداب ہے۔ ٹوپی ہے۔ اور پھر امن دیپ سنگھ مشن میں کامیابی کے بعد ’بھارت ماتا کی جے‘ کہتا ہے۔

https://twitter.com/RSVPMovies/status/1612829939019182086

https://twitter.com/zmkud/status/1612712409554354177

ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’سپائلر: پاکستان نے پھر بھی جوہری بم بنا لیا۔ مشن مجنوں ناکام رہا۔‘

ادھر یمنیٰ نامی صارف پیشگوئی کرتی ہیں کہ شاید وہ پاکستان اس لڑکی کے لیے آیا ہوگا، نہ کہ جوہری بم کا منصوبہ روکنے کے لیے۔۔۔ اس لیے فلم کا نام مشن مجنوں ہے۔‘

جبکہ ناز کا خیال ہے کہ ٹریلر میں دکھائی گئی جوہری تنصیبات ’نیوکلیئر پلانٹ کم اور درگاہ یا مزار زیادہ لگ رہا ہے۔‘

https://twitter.com/yumz0300/status/1612825356720824321

https://twitter.com/itsjustNazo/status/1612902142813020168

انڈیا میں ایک حلقے میں اس فلم کی پذیزائی کی جا رہی اور اسے بروقت فلم بتایا جا رہا ہے۔ اس کردار کے لیے سدھارتھ ملہوترا کو سراہا بھی جا رہا ہے۔ سدھارتھ کے علاوہ رشمیکا مندانہ اور پرمیت سیٹھی کے اہم کردار ہیں۔

ویسے بہت سے لوگوں نے نیٹ فلیکس پر نفرت پھیلانے کا الزام لگایا ہے جبکہ چند ایک صارفین نے کہا ہے کہ اسے مالی بحران کا سامنا ہے اور اسی لیے وہ ایسا کر رہا ہے۔

اس سے قبل انڈیا میں پاکستان سے متعلق بہت ساری فلم آئیں ہیں جن میں گرم ہوا، پنجر، دھرم پتر، ارتھ، ٹرین ٹو پاکستان، تمس، ہے رام، غدر ایک پریم کتھا، خاموش پانی، سردار وغیرہ کے علاوہ ویر زارا، بجرنگی بھائی جان، بنگستان، فضا، فنا، مشن کشمیر وغیرہ شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More