ایلوس پریسلے کی بیٹی لیزا میری پریسلے کی اچانک موت

بی بی سی اردو  |  Jan 13, 2023

Reuters

راک 'این' رول لیجنڈ ایلوس پریسلے کی اکلوتی اولاد لیزا میری پریسلے 54 سال کی عمر میں وفات پا گئیں ہیں۔

ان کی والدہ پریسیلا پریسلے کا کہنا ہے کہ ’میں بہت دکھی دل کے ساتھ یہ خبر شیئر کر رہی ہوں کہ میری پیاری بیٹی لیزا میری ہمیں چھوڑ کر چلی گئی ہے۔‘

لیزا میریکو، جو ایک گلوکارہ بھی تھیں، جمعرات کو پہلے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق انھیں دل کا دورہ پڑا تھا۔

پریسیلا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بہت باہمت اور محبت کرنے والی خاتون تھی۔

انھوں نے دکھ کی اس گھڑی کے دوران نجی زندگی میں مداخلت نہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

Reuters

ان کی والدہ نے ان کی موت کی ممکنہ وجہ کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ٹی ایم زیڈ ویب سائٹ کے مطابق گلوکارہ  جمعرات کی صبح اپنے بیڈروم میں مردہ حالت میں ملیں۔ سائٹ کے مطابق ان کے سابق شوہر ڈینی کیف، جو ان کے ساتھ اسی گھر میں رہتے ہیں، انھوں نے لیزرا کو سی پی آر دیا۔

دنیا بھر سے ان کے مداحوں اور دوستوں کی جانب سے انھیں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

Getty Images

اداکار ٹام ہینکس نے باز لوہرمن کی 2022 کی بائیوپک ایلوس میں ان کے والد کے منیجر کرنل ٹام پارکر کا کردار ادا کیا ہے۔ ٹام کی اہلیہ ریٹا ولسن نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ اس خبر سے ان کے دل ٹوٹ گئے ہیں۔

انھوں نے لکھا ’ٹام اور میں نے ایلوس فلم کے پروموشنل ٹور کے دوران ان کے خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزارا تھا۔‘

انھوں نے لکھا ’لیزا نے اپنے والد کے بارے میں اور اس فلم کی ان کے لیے کیا اہمیت تھی، اس سب کے بارے میں بہت تفصیل سے بات کی تھی۔‘

Reuters

لیزا میری پریسلے کو آخری بار منگل کی رات بیورلی ہلز میں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں دیکھا گیا تھا۔

انھوں نے اس تقریب میں اپنی والدہ کے ساتھ شرکت کی اور جب آسٹن بٹلر کو لوہرمن کی فلم (جس میں انھوں نے لیزا کے والد ایلوس کا کردار نبھایا) کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا تو ان دونوں ماں بیٹی کی آنکھیں نم نظر آئیں۔

اپنی جذباتی تقریر میں آسٹن بٹلر نے فلم کے دوران مدد کرنے پر پریسلے خاندان کا شکریہ ادا کیا۔

بٹلر نے کہا ’آپ کا شکریہ، اپنے دل، اپنی یادیں، اپنے گھر کو میرے لیے کھولنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ لیزا میری، پریسیلا، میرے دل میں ہمیشہ آپ کے لیے محبت رہے گی۔‘

Getty Images

اپنی موت سے چند دن قبل وہ میمفس، ٹینیسی میں اپنے والد کی ملکیتی حویلی گریس لینڈ گئی تھیں، اس دن 8 جنوری کی تاریخ تھی یعنی اگر ان کے والد زندہ ہوتے تو یہ ان کی 88 ویں سالگرہ کا دن تھا۔

لیزا میری کی موت کی خبر کے بعد ان کے مداحوں نے گریس لینڈ کے گیٹ کے باہر پھول رکھے اور موم بتیاں جلائیں۔

1968 میں پیدا ہونے والی لیزا میری نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے موسیقی میں اپنا کیریئر بنایا۔ انھوں نے تین البمز ریلیز کیے۔ ان کے 2003 کے پہلے سٹوڈیو البم کی لاکھوں کاپیاں فروخت ہوئیں۔

لیزا کی ایک وجہ شہرت ان کی پاپ لیجنڈ مائیکل جیکسن، اداکار نکولس کیج اور موسیقاروں کیف اور مائیکل لاک ووڈ سے شادیاں بھی تھیں۔

اداکارہ ریلی کیوف سمیت ان کے چار بچے تھے۔ ان کے بیٹے بینجمن کیف نے 2020 میں خود کشی کر لی تھی۔

Reuters

گذشتہ اگست میں، پریسلے نے ’پیپل‘ کے لیے غم پر ایک مضمون لکھا جس میں انھوں نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کی موت کی خوفناک حقیقیت کے بعد کیسا محسوس کرتی ہیں۔

انھوں نےایلوس کی 1977 میں وفات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’میں نے نو سال کی عمر سے ہی موت، غم اور دکھوں کا سامنا کیا ہے مگر کسی نہ کسی طرح میں یہاں تک پہنچ گئی ہوں۔‘

ان کو خراج تحسین پیش کرنے والوں میں مائیکل کی بہن لاٹویا جیکسن بھی شامل تھیں، جنھوں نے ٹویٹر پر لکھا:  ’میں وہ وقت کبھی نہیں بھول پاؤں گی جب آپ نے میرے بھائی سے اپنی محبت کو میرے ساتھ بانٹا۔ اتنی ایمانداری کے لیے آپ کا شکریہ۔‘گلوکارہ اور اداکارہ بیٹ مڈلر کا کہنا ہے کہ ’اتنی خوبصورت اور صرف 54 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔۔۔ مجھے یقین نہیں آ رہا۔‘

گاربیج گلوکارہ شرلی مینسن نے لکھا کہ لیزا میری ’حیرت انگیز حد تک بہت خوش اخلاق، مضبوط، فیاض، باصلاحیت اور دردناک حد تک کمزور‘ خاتون تھیں۔’میں آپ کو ہمیشہ یاد رکھوں گی۔ آپ کی رحمدلی کا شکریہ۔ اب آپ کو سکون مل جائے۔‘

Getty Images

بیچ بوائز کے شریک بانی برائن ولسن نے بھی لیزا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’جب کوئی اتنا جوان اور زندگی سے بھرپور شخص مر جائے تو اسے تسلیم کرنا آسان نہیں ہوتا۔‘

امریکی پاپ سٹار پنک نے پریسلے کو ’اپنی نوعیت کی ایک بے مثال خاتون‘ قرار دیا جو ’ہوشیار، حساس  اور باصلاحیت‘ ہے۔ 

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ مارلی میٹلن نے اپنے پیغام میں لکھا ’مجھے ڈانسنگ ود دی سٹارز کے دوران سیلا پریسلے کو جاننے کا موقع ملا اور ایک ماں کے طور پر میں تصور بھی نہیں کر سکتی کہ وہ لیزا میری کی بے وقت موت سے کس تکلیف سے گزر رہی ہوں گی۔‘

گریمی ایوارڈ یافتہ نغمہ نگار ڈیان وارن نے اس خبر پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ گلوکار نے مزید کہا کہ ’پوری دنیا سے لوگ پریسیلا اور لیزا میری کے بچوں کے لیے پیار اور دعائیں بھیج رہے ہیں۔‘

جان ٹراولٹا نے لکھا: ’لیزا بے بی گرل، مجھے بہت افسوس ہے۔ مجھے تمھاری یاد آئے گی لیکن میں جانتا ہوں کہ میں تم سے دوبارہ ملوں گا۔ ریلی، پریسیلا، ہارپر اور فنلے کے لیے بہت پیار اور نیک تمنائیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More