وہ دولت مند شخصیات جنھوں نے اپنے بچوں کو اپنی جائیداد اور وراثت سے محروم رکھنے کا فیصلہ کیا

بی بی سی اردو  |  Jan 20, 2023

Getty Imagesمیری اوسمنڈ نے اپنے بچوں کو اپنی جائیداد منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے

امریکی گلوکارہ میری اوسمنڈ نے حال ہی میں عہد کیا ہے کہ اُن کے بچوں کو ان کی وراثت سے کوئی حصہ نہیں ملے گی۔

گلوکارہ کے اس اعلان کے بعد مشہور اور دولت مند شخصیات کے مراعات یافتہ بچوں کو نام نہاد ’نیپو بیبیز‘ کہنے یعنی اقربا پروری کے بارے میں ایک بار پھر سے بحث شروع ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ میری اوسمنڈ کی دولت کی مجموعی مالیت تقریباً 16.28 ملین ڈالر ہے۔ انھوں نے ایک میگزین کو بتایا کہ اپنی دولت بچوں میں تقسیم نہ کرنے کا ان کا فیصلہ ’بدنیتی پر مبنی نہیں‘ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہیں کہ ان کے بچے اپنے شوق کو پروان چڑھائیں اور اپنی کامیابی خود حاصل کریں۔

نیپو (اقربا پروری) بچے وہ ہوتے ہیں جو اپنے والدین کی دولت اور مقبولیت کو اپنا کریئر بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

اوسمنڈ نے مزید کہا ’میں نے ایسا کبھی نہیں دیکھا کہ کسی کو بے شمار رقم تھما دی گئی ہو اور اس نے اپنے بل بوتے پر کسی نے کوئی کامیابی حاصل کی ہو۔‘

اوسمنڈ واحد ایسی بڑی شخصیت نہیں ہیں جو ایسا کہتی ہیں۔

دیگر کئی مشہور شخصیات نے بھی اپنی جائیداد بچوں کو منتقل کرنے کے بارے میں ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ہے، یہ اور بات ہے کہ اس کے باوجود ان کے بچوں نے اپنے والدین کی کامیابی کا فائدہ اٹھا کر اپنا کریئر بنایا۔

یہاں ہم ان میں سے کچھ مشہور شخصیات اور ان کے چند بچوں کا ذکر کریں گے کہ ان کی کارکردگی کیسی رہی۔

ڈینیئل کریگGetty Imagesبرطانوی اداکار ڈینیل کریگ نے کہا تھا کہ انھیں وراثت کا خیال ہی ’ناگوار‘ لگتا ہے

برطانوی اداکار ڈینیل کریگ نے پہلے کہا تھا کہ انھیں وراثت کا خیال ہی ’ناگوار‘ لگتا ہے اور ان کے دو بچوں کو ان کی 125 ملین ڈالر کی دولت نہیں ملے گی۔

جیمز بانڈ سٹار نے 2020 میں کہا کہ تھا کہ ’میرا فلسفہ اس سے چھٹکارا پانا ہے یا اسے چھوڑ دینا ہے۔‘

لیکن وراثت کے بغیر بھی، کریگ کی سب سے بڑی بیٹی، 31 سالہ ایلا، پہلے ہی اپنے لیے ایک خاص مقام بنا چکی ہیں۔ وہ فورڈ ماڈلز کی نمائندگی کرتی ہیں، جو کہ دنیا کی سب سے بڑی کیٹ واک ایجنسیوں میں سے ایک ہے، اور اس سال کے شروع میں ایک فرانسیسی فیشن میگزین ’لا آفیشیل‘ کے سرورق پر ان کی تصویر شائع ہوئی۔

انھوں نے بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری میں اپنی قسمت آزمائی اور تھیٹر گروپ شیکسپیئر اینڈ کمپنی کے ساتھ ساتھ فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کی۔

ایلا نے خاندانی کاروبار میں اپنی دلچسپی کے بارے میں عوامی طور پر بات کی ہے، اور کہا ہے کہ وہ امید کرتیہیں کہ انھیں ایک معیاری اداکارہ کے طور پر عزت ملے گی اور وہ واقعی اچھے معیار کا کام کرنے کی کوشش کریں گی‘۔

گورڈن رامسےGetty Imagesگورڈن رامسے کے پانچ بچے ہیں

دنیا کے سب سے مشہور باورچیوں یا شیفس میں سے ایک کے ہاں پیدا ہونے کے باوجود، گورڈن رامسے کے پانچ بچے اکثر اپنے والد کی دولت سے لطف اندوز نہیں ہوتے ہیں۔

سنہ 2017 میں روزنامہ ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے رامسے نے کہا تھا کہ ان کے بچے شاذ و نادر ہی ان کے میکلین سٹار ریستوراں میں کھانا کھاتے ہیں اور جب وہ چھٹیوں کے لیے ملک سے باہر جاتے ہیں تو وہ اپنے والدین کے ساتھ فرسٹ کلاس میں نہیں بیٹھتے ہیں۔

رامسے کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں نے یہ سب حاصل کرنے کے لیے محنت نہیں کی۔ رامسے کی دولت کی مجموعی مالیت 63 ملین پاؤنڈ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’مرنے کے بعد یہ دولت اپنے بچوں کے لیے چھوڑنے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ وہ اپنے بچوں کو بگاڑنا نہیں چاہتے۔‘

ایسا لگتا ہے کہ رامسے کے بچوں نے اپنی راہیں خود تلاشی ہیں۔ ان کی سب سے بڑی بیٹی، 24 سالہ میگن نے یونیورسٹی میں نفسیات کی تعلیم حاصل کی، جب کہ ان کا سب سے بڑا بیٹا، 23 سالہ جیک، رائل میرینز میں شامل ہو گیا ہے۔

تاہم، ان کی 21 سالہ بیٹی، مٹِلڈا اپنے والد کی طرح ٹیلی ویژن کی شخصیت بن گئی ہے۔ انھوں نے بچوں کے ٹیلی ویژن چینل سی بی بی سی پر اپنا کھانا پکانے کا شو ’مٹِلڈا اینڈ دی رامسے بنچ‘ پیش کیا۔

انسٹاگرام پر ان کے دس لاکھ سے زیادہ فالوورز اور ٹِک ٹاک پر 10 ملین سے زیادہ فالوورز بھی ہیں، جہاں وہ اکثر اپنے والد کی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں اور جن میں سے کچھ وائرل ہو چکی ہیں۔

سٹِنگ

برطانوی راک سٹار سٹِنگ دنیا کے کامیاب ترین موسیقاروں میں سے ایک ہیں جن کی مجموعی مالیت 400 ملین ڈالرز ہے۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ جب وہ اس دنیا سے جائیں گے تو ان کے بچوں کو تقریباً کچھ نہیں ملے گا۔

سٹِنگ کے چھ بچے ہیں۔ 2014 میں انھوں نے ڈیلی میل سے بات کرتے ہوئے کہاتھا ’جو کچھ پیسہ آتا ہے وہ ہم خرچ کر دیتے ہیں، اور بہت کچھ باقی نہیں بچا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’میں یقینی طور پر ان کے لیے ٹرسٹ فنڈز نہیں چھوڑنا چاہتا، انھیں کام کرنا ہو گا۔‘

اس بات نے سٹِنگ کے بچوں نے شو بزنس میں قابل ذکر کیریئر شروع کرنے سے نہیں روکا ہے۔ ان کی بیٹی، مکی سمنر، ایک اداکارہ ہیں جو گریٹا گیروِگ کی 2012 کی فلم فرانسس ہا میں نظر آئی تھیں، جب کہ ان کے دیگر دو بچے، ایلیٹ اور جو، موسیقار ہیں۔

2022 میں جو نے اپنے حالیہ ورلڈ ٹور پر ایک افتتاحی تقریب میں جوکو بطور موسیقار پیش بھی کیا تھا۔

وارن بوفیٹ

ایسا لگتا ہے کہ ان میں سے کچھ مشہور شخصیات نے وارن بفیٹ کی کتاب سے تحریک لی ہے۔

امریکی ارب پتی کاروباری شخصیت نے کہا کہ وہ اپنی دولت کا 99 فیصد سے زیادہ عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور یہ کہ ان کے بچوں کو ان کی جائیداد سے زیادہ کچھ نہیں ملے گا۔

بوفیٹ نے 2021 میں لکھا کہ تھا کہ ’بہت زیادہ دولت مند خاندانوں کے کافی مشاہدے کے بعد، میرا یہ خیال ہے کہ بچوں کے لیے اتنی دولت چھوڑ دو کہ وہ کچھ کر سکیں لیکن اتنا نہیں کہ وہ کچھ نہ کر سکیں۔‘

ان کے بچوں نے انسان دوستی اور موسیقی سے لے کر سیاست اور ماحولیاتی تحفظ تک ہر طرح کیریئر میں اپنی جگہ بنائی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More