آصف زرداری نے مجھے قتل کرانے کے لیے دہشت گرد تنظیم پر پیسہ لگایا ہے: عمران خان کا الزام

بی بی سی اردو  |  Jan 27, 2023

Getty Images

سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے مجھے قتل کرانے کے لیے ایک دہشت گرد تنظیم پر پیسا لگایا ہوا ہے جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں۔ تاہم پاکستان پیپلز پارٹی نے اس الزام کی تردید جاری کی ہے۔

لاہور میں وڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب پہلی بار ہماری حکومت ہٹائی گئی تو مجھے پتا چلا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش کی گئی ہے اور میں نے ان چار لوگوں کے نام بتا کر ویڈیو بنادی اور کہا کہ اگر قتل کیا گیا تو اس میں وہ چار لوگ ملوث ہوں گے مگر وہ اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے۔

انھوں نے کہا کہ پھر ان لوگوں نے پلان بی بنایا اور ایک مذہبی انتہاپسند کے ذریعے مجھے قتل کرانے کی کوشش کی جس کا مجھے پتا چلا تو میں نے اپنے جلسوں میں بھی اس کا ذکر کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اب پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہیں، جس نے کرپشن کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم پر لگایا جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں اور تین اطراف سے یہ فیصلہ ہوا ہے جنھوں نے اگلی واردات کرنی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں قوم کو اس لیے بتا رہا ہوں کیونکہ جو پہلے چار نام دیے تھے ان کے ساتھ آصف زرداری کا نام بھی آئے گا۔ عمران خان کے مطابق جیسے ہی میں ٹھیک ہوں گا تو الیکشن مہم کے لیے نکلوں گا مگر مجھے کچھ ہوا تو قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ اس میں کون ملوث ہیں۔

عمران خانے یہ بھی کہا تھا کہ ’اگر مجھے کسی نے قتل کردیا تو یہ لوگ کہیں گے کہ کسی مذہبی جنونی نے کیا ہے کیونکہ میں نے توہینِ مذہب کی ہے، مگر میں نے ایک ٹیپ بنا کر رکھی ہوئی ہے اور جس وقت مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ آجائے گی اور ان چار لوگوں کے نام قوم کے سامنے آئیں گے جنہوں نے بند کمروں میں یہ فیصلہ کیا۔‘

یہ بھی پڑھیے

’آرمی چیف کا نام لینے پر فوج میں غصہ پایا جاتا ہے‘ آرمی چیف جہوریت پسند ہیں وہ یہ سب برداشت کر رہے ہیں

عمران خان: ’نئے آرمی چیف کے ساتھ کوئی ریلیشن شپ نہیں، حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائے گی‘

کیا سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تفتیش بھی سیاست کی نذر ہو رہی ہے؟

Getty Images عمران خان خود دہشت گردوں کے حامی اور طرف دار رہے ہیں: پاکستان پیپلز پارٹی

رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا عمران خان کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری پر الزام تراشی کرکے عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق عمران خان خود دہشت گردوں کے حامی اور طرف دار رہا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آصف علی زرداری پر جھوٹے الزامات لگا کر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق جھوٹا اور گمراہ کن بیانیہ سے عمران خان مردہ سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More