سویڈن و ہالینڈ کا سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ کیا جائے، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر

ہم نیوز  |  Jan 27, 2023

لاہور: ممتاز عالم دین علامہ ابتسام الہی ظہیر نے مسلمان حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان ممالک کا سفارتی سطح پر بائیکاٹ کیا جائے جہاں قرآن پاک یا رسول اکرمﷺ کی شان اقدس میں توہین کے افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں۔

انہوں نے یہ بات قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام لارنس روڈ لاہور میں منعقدہ ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے واضح طور پرکہا کہ جب تک توہین کے مرتکب شرپسندوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکوا نہیں دیتے اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اس موقع پر علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا اگر حکومت سویڈن اور ہالینڈ کا تجارتی بائیکاٹ نہیں کرتی تو کیا آپ از خود ان ممالک کی تجارتی اشیا کا بائیکاٹ کرنے کے لیے تیار ہیں؟ تو شرکا نے نہایت پرجوش انداز میں ہاتھ اٹھا کر یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر قیمت پر مذکورہ ممالک کی تجارتی اشیا کا بائیکاٹ کریں گے۔

قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام شیخوپورہ میں بھی اسی حوالے سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے علمائے کرام اور مقامی قائدین نے خطاب کیا۔

بھارت میں رہنے کی شرط:ہندوآنہ نعرہ لگاؤ اور سنت رسولﷺ صاف کرو

واضح رہے کہ سویڈن اور ہالینڈ میں انتہا پسند گروپس کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں جس پر پوری مسلم دنیا میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور لوگوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More