آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام: عمران خان ثبوت دیں ورنہ لیگل نوٹس بھیجیں گے، پیپلز پارٹی

بی بی سی اردو  |  Jan 28, 2023

Getty Images

پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ گذشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری پر قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام پر ثبوت پیش کریں ورنہ انھیں لیگل نوٹس بھیج کر قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

جمعے کو سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ آصف زرداری نے اُنھیں قتل کرانے کے لیے ایک دہشت گرد تنظیم پر پیسا لگایا ہوا ہے جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں تاہم پاکستان پیپلز پارٹی نے اس الزام کی تردید جاری کی تھی۔

سنیچر کو جماعت کی سینیئر قیادت نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ انھوں نے اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ رہنما پی پی پی نیئر بخاری نے کہا کہ ان کی جماعت آج چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجے گی۔

سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ’ہم عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔ عمران خان خود ماضی میں انتہا پسندوں کی پشت پناہی کر چکے ہیں۔‘ 

وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ’ہماری قیادت پر الزام لگایا گیا ہے، کل کو کوئی پی ٹی آئی کارکن اس پر مشتعل ہوسکتا ہے۔۔۔ اگر عمران خان ثبوت نہیں دیتے تو انھیں سزا ملنی چاہیے۔

’یہ کیسا طریقہ ہے جب چاہو لوگوں کو پگڑیاں اُچھالو۔ پاکستان کے اداروں کو عمران خان پہلے بھی قصوروار ٹھہراتے رہے ہیں۔ ہم سب نے وزیر آباد حملے پر تحقیقاتی ٹیم کا مطالبہ کیا تھا۔ صوبائی حکومت اور وزیر اعلی ان کے تھے۔‘

انھوں نے سپریم کورٹ سے اس بیان پر ازخود نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔ 

Getty Images’کرپشن کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم پر لگایا‘

گذشتہ روز لاہور میں وڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ ’جب پہلی بار ہماری حکومت ہٹائی گئی تو مجھے پتا چلا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش کی گئی ہے اور میں نے ان چار لوگوں کے نام بتا کر ویڈیو بنا دی اور کہا کہ اگر قتل کیا گیا تو اس میں وہ چار لوگ ملوث ہوں گے مگر وہ اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے۔‘

انھوں نے کہا کہ پھر ان لوگوں نے پلان بی بنایا اور ایک مذہبی انتہاپسند کے ذریعے مجھے قتل کرانے کی کوشش کی جس کا مجھے پتا چلا تو میں نے اپنے جلسوں میں بھی اس کا ذکر کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اب پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہیں، جس نے کرپشن کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم پر لگایا جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں اور تین اطراف سے یہ فیصلہ ہوا ہے جنھوں نے اگلی واردات کرنی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں قوم کو اس لیے بتا رہا ہوں کیونکہ جو پہلے چار نام دیے تھے ان کے ساتھ آصف زرداری کا نام بھی آئے گا۔ عمران خان کے مطابق جیسے ہی میں ٹھیک ہوں گا تو الیکشن مہم کے لیے نکلوں گا مگر مجھے کچھ ہوا تو قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ اس میں کون ملوث ہیں۔

عمران خانے یہ بھی کہا تھا کہ ’اگر مجھے کسی نے قتل کردیا تو یہ لوگ کہیں گے کہ کسی مذہبی جنونی نے کیا ہے کیونکہ میں نے توہینِ مذہب کی ہے، مگر میں نے ایک ٹیپ بنا کر رکھی ہوئی ہے اور جس وقت مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ آجائے گی اور ان چار لوگوں کے نام قوم کے سامنے آئیں گے جنہوں نے بند کمروں میں یہ فیصلہ کیا۔‘

یہ بھی پڑھیے

’آرمی چیف کا نام لینے پر فوج میں غصہ پایا جاتا ہے‘ آرمی چیف جہوریت پسند ہیں وہ یہ سب برداشت کر رہے ہیں

عمران خان: ’نئے آرمی چیف کے ساتھ کوئی ریلیشن شپ نہیں، حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائے گی‘

کیا سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تفتیش بھی سیاست کی نذر ہو رہی ہے؟

گذشتہ روز رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے عمران خان کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ آصف علی زرداری پر الزام تراشی کر کے عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق عمران خان خود دہشت گردوں کے حامی اور طرف دار رہے ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آصف علی زرداری پر جھوٹے الزامات لگا کر وہ حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے سے عمران خان مردہ سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More