گورنر کو چھوڑیں، الیکشن کمیشن الیکشن کی تاریخ دے دے، لاہور ہائیکورٹ

ہم نیوز  |  Feb 03, 2023

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ گورنر کو چھوڑیں الیکشن کمیشن  الیکشن کی تاریخ دے دے، آپ اتنا کام کر رہے ہیں، آپ خود الیکشن کی تاریخ دے دیں۔

لاہور ہائیکورٹ  میں پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کے لیے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ انتخابات کب کرائیں گے ؟ وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت میں جواب دیا کہ ہم الیکشن کرانے کےلیے تیار ہیں۔

جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیے کہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے، الیکشن ہونے ہیں، کوئی سنجیدہ نہیں لے رہا۔ہر جگہ لکھا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔لاء افسر کہاں ہیں ؟ آپ کیا ہدایات لیکر آئے ہیں؟گورنر کی جانب سے کوئی پیش کیوں نہیں ہوا ؟

وکیل پی ٹی آئی علی ظفر کا کہنا ہے کہ گورنر نے پنجاب میں الیکشن سے متعلق کوئی تاریخ نہیں دی۔عدالت میں بیرسٹر علی ظفر نےگورنر پنجاب کا آرڈر پڑھ کر سنا یا۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز نئی پیش رفت ہوئی ،گورنر نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دیا۔گورنر نے لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے۔

یہ بھی پڑھیں:

جسٹس جواد حسن نے کہا ہے کہ آئین میں درج ہے کہ الیکشن 90 روز میں ہونے ہیں۔آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ معاشی صورتحال خراب ہوچکی ہے ؟اس سے پہلے بھی معاشی صورتحال خراب تھی مگر الیکشن تو ہوئے تھے۔اعلیٰ عدلیہ کے اس حوالے سے متعدد فیصلے ہیں۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ 90 روز پورے ہونے میں ابھی کافی وقت ہے، جس پر جسٹس جواد حسن نے کہا کہ آپ تاریخ تو دیں کہ الیکشن کب کرائیں گے، ہم تو وہ بات کر رہے ہیں جو آئین میں درج ہے۔

وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ رہا کہ الیکشن نہیں ہوں گے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کو چھوڑیں آپ الیکشن کی تاریخ دے دیں، آپ اتنا کام کر رہے ہیں، آپ خود الیکشن کی تاریخ دے دیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی۔عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل فریقین کو جواب عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔فریقین سماعت سے قبل جواب جمع کرائیں اور کاپی درخواست گزار کو فراہم کریں۔لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت 9فروری تک ملتوی کر دی۔

تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اسد عمر نے عدالت کت باہر میڈیاسے گفتگو میں کہا ہے کہ  جمعرات کو پنجاب میں الیکشن کا فیصلہ ہوجائے گا، آئندہ سماعت پر امید کرتے ہیں فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔

ان کا  کہنا ہے کہ یہ طےبات ہے کہ 90روز میں  الیکشن کی تاریخ دینی ہوگی۔ الیکشن  کا معاملہ سادہ ہے، عدالت کہہ رہی ہے  اسکو پیچیدہ نہ بنایا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More