پہلے حارث پھر شان، شاداب اور اب شاہین: ’اب سب مل کر اپنی بیویوں کو ورلڈ کپ گفٹ کریں‘

بی بی سی اردو  |  Feb 04, 2023

پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی ملکی قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشا سے شادی کی باتیں تو ایک طویل عرصے سے جاری تھیں مگر اب بالآخر اس جوڑے کی شادی ہو گئی ہے۔

اتوار کو اس کا اعلان شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا جہاں اُنھوں نے لکھا کہ اُنھوں نے اپنی بیٹی شاہین آفریدی کے نکاح میں دے دی ہے، دونوں کو مبارکباد۔

اس موقع پر مختلف شخصیات اور مداحوں کی جانب سے اس جوڑے کو مبارکباد دی جاتی رہی۔

شاہد آفریدی نے اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بھی شرکت کی دعوت دی تھی تاہم وہ مصروفیات کے باعث اس میں شریک نہیں ہوئے۔ شاہد آفریدی نے وزیرِ اعظم کا تہنیتی خط بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بھی شاہین شاہ آفریدی کو نکاح کی مبارک باد دی گئی۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین اس موقع پر ہنسی مذاق کرتے ہوئے بھی نظر آئے تو کچھ کو شاہین آفریدی کا اپنی اہلیہ کو پیشانی پر بوسہ دینا خوب بھایا۔

ماہم گیلانی نے لکھا کہ پہلے حارث رؤف، پھر شان مسعود، پھر شاداب خان کا نکاح اور اب شاہین شاہ آفریدی۔ ہر کوئی ورلڈ کپ سے پہلے بندھن میں جڑ رہا ہے۔ اب آپ سب نے اپنی اپنی بیویوں کو تحفے میں ورلڈ کپ ٹرافی دینی ہے، ٹھیک ہے؟‘

سپورٹس صحافی ہمانشو پاریک نے لکھا کہ ’شاہین آفریدی کی بھی شادی ہو گئی۔ شان اور شاداب کے کلب میں خوش آمدید۔ اگلی باری بابر کی؟‘

شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی سے اس تقریب میں لی گئی چند تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں تاہم اُن کی اپنی اہلیہ کے ساتھ کرسی پر بیٹھے ہوئے ایک تصویر بھی کسی نے سوشل میڈیا پر جاری کر دی جو پلک جھپکتے میں ہی وائرل ہو گئی۔

شاہین آفریدی اس تصویر کے وائرل ہونے پر افسردہ نظر آئے اور اُنھوں نے ٹوئٹر پر بھی اس حوالے سے لکھا۔

اُنھوں نے لکھا: ’مایوس کن بات ہے کہ کئی مرتبہ کہنے کے باوجود ہماری رازداری متاثر کی گئی اور لوگ ندامت محسوس کیے بغیر اسے آگے شیئر کرتے گئے۔‘

شاہین آفریدی نے مزید لکھا کہ وہ ایک مرتبہ پھر ہر کسی سے درخواست کریں گے کہ ان سے رابطہ کاری کی کوشش کریں اور ان کا یادگار دن خراب نہ کریں۔‘

صائمہ نامی صارف نے لکھا کہ یہ (تصویر شیئر کرنا) لوگوں کی جانب سے بہت گِری ہوئی حرکت ہے۔

اُنھوں نے لکھا کہ لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ بھلے ہی وہ ایک عوامی شخصیت ہیں مگر ان کے خاص دن پر ان کی پرائیویسی متاثر کرنے کا حق کسی کو نہیں۔

فاروق احمد نے لکھا کہ نجانے اب شادیوں میں سب کے سامنے بوسہ لینا کیوں ضروری ہو گیا ہے۔

ایک اور صارف نے اس معاملے پر بظاہر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ محبت کا عوامی اظہار اپلوڈ کرنے پر اُنھیں آفریدی خاندان پر پیار آ گیا ہے۔

ٹیولپ نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’مبارک ہو شاہین۔ اس ڈیجیٹل دور میں آپ کیمروں کی آنکھ سے بچ کر نہیں نکل سکتے سو جو ہوا اسے جانے دیں اور اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز کریں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More