موسمِ گرما میں پانی کی کمی سے بچانے والی 5 آسان غذائیں

ہماری ویب  |  Mar 01, 2023

موسمِ گرما کی آمد آمد ہے۔ اسی لئے یہ بہت ضروری ہے کہ اس کی تیاری پہلے سے کی جائے۔ جیسے ہم کپڑوں کا انتخاب بھی موسم کے حساب سے کرتے ہیں اسی طرح ہمیں اپنی غذا کو بھی موسم کے حساب سے تبدیل کرنا چاہیے۔ تاکہ ہمارے جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی نہ ہو۔ پاکستان دنیا کا وہ ملک ہے جہاں ہر طرح کا پھل اور سبزی تازہ مل جاتا ہے۔ ناصرف یہ بلکہ ان کا ذائقہ بھی لاجواب ہوتا ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں کم از کم آٹھ سے دس گلاس پانی پینا چاہیے۔ لیکن پانی کے ساتھ ساتھ بہت سے ایسے پھل سبزیاں اور غذائیں بھی ہیں جو ہمارے جسم کو پانی اور نمکیات کی کمی سے بچاسکتے ہیں۔ یہ پھل سبزیاں اور غذائیں ناصرف آسانی کے ساتھ بازار میں میسر ہوتی ہیں بلکہ انہیں کھانا بھی انتہائی آسان ہے۔

تربوز

تربوز عام طور پر ہر چھوٹے بڑے بازار یا سبزی کی دکان میں آسانی کے ساتھ دستیاب ہوتا ہے۔ اس کی قیمت بھی مناسب ہوتی ہے اور اس میں پانی کی مقدار ۹۲ فیصد ہوتی ہے۔ اس کو کاٹنا بھی آسان ہے اور اس کا ذائقہ بھی میٹھا ہوتا ہے تو کھانے میں بھی لذیذ لگتا ہے۔ اگر آپ کو تربوز کھانا نہیں پسند تو آپ اس کا جوس بنا کر بھی پی سکتے ہیں۔

کھیرا

کھیرا عام طور پر سلاد میں کھایا جاتا ہے ۔ اس کے اندر پانی کی مقدار ۹۵ فیصد ہوتی ہے۔ اس کو آسانی کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے اور یہ بھی مناسب قیمت میں مارکٹ میں مل جاتا ہے۔ اس کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اسے کسی بھی کھانے کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے اور محض انیک کے طور پر بھی کھایا جاسکتا ہے۔ کھیرے کا بھی جوس بنایا جاتا ہے اور اسے پانی میں ڈال کر ڈیٹوکس کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

اسٹرابیریز

اسٹرابیریز ایک انتہائی لذیذ اور صحت افزا پھل ہے۔ اس میں پانی کی مقدار ۹۱ فیصد ہے۔ یہ ناصرف جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتی ہیں بلکہ قوتِ مدافعت کو بھی مضبوط بنانے میں مدد کرتی ہیں۔ اسٹرابیریز کو آسانی کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف طریوں سے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسٹرابیری شیک اور اسمودیز بھی بنائی جاسکتی ہیں۔

سلاد پتہ

سلاد پتے عام طور پر بہت کم استعمال کئے جاتے ہیں بہت سے لوگ انہیں اس لئے پسند نہیں کرتے کہ ان کے ذائقے میں معمولی سی کڑواہٹ ہوتی ہے۔ سلاد پتے میں پانی کی مقدار ۹۶ فیصد ہوتی ہے اور اس میں فائبر بھی ہوتا ہے جو کہ صحت کے لئے بہت ہی مفید ہے۔ سلاد پتے کو عموماََ صرف سلاد میں استعمال کیا جاتا ہے لیکن آپ اسے میدے کی بنی روٹی کے بجائے رول اور ریپز بنانے کے لئے بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔

دہی

دہی ایک ایسی غذا ہے جس کے ساتھ آپ کو کسی چیز کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس میں ۸۸ فیصد پانی کی مقدار ہوتی ہے۔ آپ اسے بنا کسی اضافی چیز کے بھی کھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دہی کو مختلف طریقوں سے بھی استعمال کیاجاسکتا ہے۔

گلوبل وارمنگ کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں بھی گرمی کی شدت میں دن با دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس لئے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اسی حساب سے تیاری کریں۔ پانی کی کمی سے انسان کو تھکاوٹ، سردرد کے علاوہ بہت سے جان لیوا مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔ اس لئے یہ بہت اہم ہے کہ اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کے جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ ان تمام اشیا کا استعمال آپ کو گرمی کے اثرات سے محفوط رکھ سکتا ہے۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More