گلیوں اور بسوں میں ننگے پاؤں پین بیچتے تھے لیکن آج ۔۔ جونی لیور سڑک سے شہرت کی بلندیوں تک کیسے پہنچے؟

ہماری ویب  |  Mar 24, 2023

جونی لیور کا شمار بالی ووڈ کے سب سے کامیاب کامیڈینز میں ہوتا ہے، ہر دوسری بھارتی فلم میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے جونی لیور نے ایک غریب گھرانے میں آنکھ کھولی، بچپن اور جوانی میں انتہائی مشکل حالات سے گزرے لیکن آج 7 سو کروڑ سے زیادہ کے مالک ہیں۔

4 اگست 1957 کو پیدا ہونے والے جونی لیور کا اصل نام جان پرکاش راؤ جنومالا ہے۔ اپنے کیریئر کے آغاز میں جانی لیور اسٹیج پر اسٹینڈ اپ کامیڈی کرتے تھے۔

جانی کے والد پرکاش راؤ جنومالا ایک لیور فیکٹری میں کام کرتے تھے۔ جانی اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں، ان کے دو بھائی اور تین بہنیں ہیں۔ جانی کا خاندان بہت غریب تھا۔ مالی مجبوریوں کی وجہ سے انہوں  نے ساتویں جماعت کے بعد اسکول چھوڑ دیا۔

پڑھائی چھوڑنے کے بعد جانی لیور نے خاندان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ گلی محلے اور بسوں میں بالی ووڈ اسٹارز کی نقل کرکے قلم بیچتے تھے۔ اس دوران وہ فنکاروں کی طرح رقص بھی کرتے تھے۔ وہ روزانہ پانچ روپے تک کما لیتے تھے بعد میں ان کے والد نے انہیں ہندوستان لیورکمپنی میں ہی کام پر لگوادیا۔

فیکٹری میں کام کرتے ہوئے جانی لیور اپنی اداکاری اور کامیڈی سے لوگوں کو ہنسایا کرتے تھے۔ یہاں ان کا نام جانی لیور رکھا گیا۔ وہ اکثر اسٹیج شوز کرتے تھے۔ ایسے ہی ایک اسٹیج شو میں سنیل دت نے ان کو دیکھا اور انہوں نے ہی جانی لیور کو پہلا بریک فلم درد کا رشتہ میں کام کرنے کا موقع دیا۔

اس کے بعد جانی لیور نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور پھر انہوں نے اپنے فلمی سفر میں 3 سو سے زیادہ فلمیں کیں۔ جانی لیور کو اپنی کامیڈی کے لیے کئی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ 5 روپے دیہاڑی کمانے والا جانی لیور آج کروڑوں کا مالک ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جانی لیور تقریباً 30 ملین ڈالر کے مالک ہیں جو کہ بھارتی روپے میں تقریباً ڈھائی سو کروڑ اور پاکستانی روپے میں ساڑھے 7 سو کروڑ کے قریب بنتے ہیں۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More