پاکستانی ٹی20 ٹیم کے کھلاڑی منگل سے پی ایم اے کاکول میں ٹریننگ کریں گے

اردو نیوز  |  Mar 25, 2024

پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے کھلاڑی کل یعنی منگل سے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں ٹریننگ کریں گے۔

پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ 29 کھلاڑی کاکول ایبٹ آباد کے فٹنس کیمپ میں شرکت کریں گے۔

پی سی بی نے کہا کہ ’یہ کیمپ پاکستان آرمی کے تعاون سے آرگنائز کیا گیا ہے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹ جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل سیریز، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز اور ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے تیار کرنا ہے۔‘

یہ کیمپ 26 مارچ سے لے کر 8 اپریل تک جاری رہے گا جس میں کھلاڑی پیر کو رپورٹ کریں گے۔

اس کیمپ میں حالیہ دنوں میں ریٹائرمنٹ واپس لینے والے کھلاڑی محمد عامر اور عماد وسیم بھی ٹریننگ کریں گے۔

فٹنس کیمپ میں بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ، سعود شکیل، عثمان خان، محمد حارث، سلمان علی آغا، اعظم خان، افتخار احمد، عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، محمد نواز، مہران ممتاز، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس آفریدی، حسن علی، محمد علی، زمان خان، محمد وسیم جونیئر، عامر جمال، حارث رؤف اور محمد عامر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز 18 اپریل سے کھیلی جائے گی۔

سیریز کے پہلے تین میچ 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری دو میچ 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More