ٹی20 ٹیم کی کپتانی کے لیے ایک مرتبہ پھر بابر اعظم کا نام زیرِگردش

اردو نیوز  |  Mar 27, 2024

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بابر اعظم کو ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

ویب سائٹ ’کرکٹ پاکستان‘ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بابر اعظم کو دوبارہ سے ٹیم کا کپتان بنانے پر غور کر رہا ہے۔

اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی کی جگہ محمد رضوان کو ٹی20 ٹیم کا کپتان بنانے پر غور کیا جا رہا تھا تاہم اب بابر اعظم اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

پی سی بی کے حکام اس بارے میں فیصلہ کرنے کو تیار ہیں۔

بابر اعظم نے 2023 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی20 کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ٹی20 ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی کو سونپ دی گئی تھی۔

اس کے علاوہ بابر اعظم نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا کپتان شان مسعود کو بنایا گیا تھا۔

بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کے بعد بھی گرین شرٹس کی مشکلات کم نہ ہوئیں اور ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی20 ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کا عندیہ دیا تھا۔

کرکٹ پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ ذرائع کے مطابق بابر اعظم دوبارہ سے ٹیم کی کپتانی کرنے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اور وہ کچھ معاملات پر پی سی بی سے یقین دہانی چاہتے ہیں اور صرف اس صورت میں ہی کپتانی کریں گے کہ جن معاملات پر انہیں تشویش ہے، وہ حل کیے جائیں۔

خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا آغاز یکم جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان امریکہ کا مقابلہ کینیڈا سے ڈیلس میں ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More