’اس شخص سے دور رہو، وہ خطرناک ہے‘ ریپ کا مجرم جس نے سزا سے بچنے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ بھی رچایا

بی بی سی اردو  |  Mar 28, 2024

جیڈ سکیا ایک کم عمر لڑکی تھیں جب وہ پہلی مرتبہ سحرانگیز تاجر کِم ایوس سے ملیں لیکن انھیں یہ نہیں معلوم تھا کہ یہ ملاقات انھیں تقریباً ایک دہائی پر محیط ایک رشتے سے جوڑ دے گی جس میں ان پر نہ صرف پابندیاں لگائی جائیں گی بلکہ انھیں تشدد بھی سہنا پڑے گا۔

جیڈ کو یہ بھی علم نہیں تھا کہ موت کا جھوٹا ڈرامہ، ایوس کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی چھاپے اور عدالتی کارروائیاں بھی اس کہانی کا حصہ ہوں گی۔

پہلی بار جیڈ یہ کہانی سُنا رہی ہیں کہ کیسے انھوں نے اور دیگر خواتین نے ایوس کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا تھا۔

جیڈ کے لیے یہ کہانی 2000 کی دہائی میں شروع ہوئی تھی جب ایوس سکاٹ لینڈ کے شہر اینورنس میں جیولری کا ایک سٹال لگایا کرتے تھے، جہاں جیڈ اور ان کی دوستیں اکثر جایا کرتی تھیں۔

جیڈ کہتی ہیں کہ ایوس اس وقت فلاحی کاموں کے لیے مشہور تھے اور وہ اکثر مقامی میڈیا کی خبروں کی زینت ہوا کرتے تھے۔

جس وقت جیڈ 18 برس کی عمر کو پہنچیں تو 40 برس کے ایوس اور ان کی ملاقاتیں بھی بڑھنے لگیں۔

جیڈ کا کہنا ہے کہ ’وہ دیگر بڑے عمر کے افراد کی طرح نہیں تھے بلکہ ایسا لگتا تھا جیسے وہ ہم میں سے ہی ایک ہیں۔‘

جب ان دونوں کا رشتہ سنجیدگی اختیار کر گیا تو ایوس نے جیڈ کو ان کے خاندان اور دوستوں سے دور کر دیا۔

جیڈ کا کہنا ہے کہ ’اب جب میں ماضی کے بارے میں سوچتی ہوں تو مجھے خیال آتا ہے کہ مجھے تنہا کر دینا ان (ایوس) کے منصوبے کا حصہ تھا۔‘

جیڈ کا پولیس سے رابطہ

ابھی ان دونوں کا رشتہ تھوڑا ہی آگے بڑھا تھا کہ جیڈ کو ایوس کی شخصیت کا سیاہ رُخ بھی نظر آنے لگا۔ ’وہ ایک رات مجھ سے ملنے آئے اور ان کا برتاؤ عجیب سا تھا۔ وہ کسی بات پر ناراض تھے۔‘

جیڈ کہتی ہیں کہ ’وہ ٹریلر کے باہر ایک میز پر چڑھ گئے اور بھیڑیے اور دیگر جانوروں کی عجیب سی آوازیں نکالنے لگا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ایوس نے پہلی بار ان کا ریپ کیا۔

اس کے بعد ایوس نے ’ولف ڈین‘ کے نام سے مشہور اپنے گھر میں جیڈ کو متعدد مرتبہ نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ان کا ریپ بھی کیا۔

جیڈ کے مطابق ’مجھے یاد ہے کہ مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جیسے یہ سب کبھی ختم نہیں ہو گا اور میری زندگی ہمیشہ ایسی ہی گزرے گی۔‘

لیکن 2015 میں یہ سب کچھ جیڈ کی برداشت سے باہر ہو گیا اور انھوں نے اپنی زندگی کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔

جیڈ کہتی ہیں کہ ’ایوس نے کبھی سوچا بھی نہیں ہو گا کہ میں ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروا دوں گی۔ وہ شاید اس بات پر کافی حیران بھی ہوں گے۔‘

جیڈ کے پولیس کے پاس پہنچنے کے بعد تین مزید خواتین بھی سامنے آئیں اور انھوں نے بتایا کہ کس طرح سے ایوس دہائیوں تک ان کا ریپ اور ان پر تشدد کرتے رہے۔

ان میں سے دو خواتین، اس وقت کمسن بچیاں تھی جب ایوس نے ان کا ریپ کیا۔

جیڈ کے مطابق ’جب مزید لوگ بھی سامنے آئے تو اس وقت ایوس کو لگا کہ ان کی زندگی میں زلزلہ سا آ گیا ہے۔‘

ملزم کا موت کا ڈرامہ

اس کے بعد ایوس پر ریپ اور تشدد کے متعدد مقدمات درج کیے گئے اور انھیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے مقدمات کی سماعت مارچ 2019 میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور انھیں ضمانت پر رہا کردیا۔

اب مسئلہ یہ تھا کہ ایوس دوبارہ عدالت کے سامنے پیش ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے تھے۔

ایوس نے فوراً اپنا گھر 2 لاکھ 45 ہزار پاونڈ میں فروخت کردیا، ٹکٹ خریدے اور امریکی ریاست کیلیفورنیا فرار ہو گئے۔

جہاں ایوس رہ رہے تھے اسے مقامی لوگ ’مورچوری بیچ‘ کہتے تھے کیونکہ وہاں لوگوں کے ڈوبنے کے واقعات اکثر رونما ہوا کرتے تھے۔ یہ ہی جگہ تھی جہاں ایوس نے پولیس اور عدالت کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا۔

جیڈ کہتی ہیں کہ ’اس وقت ایوس کے پاس کھونے کو کچھ نہیں تھا۔ جب اس کے پاس کھونے کو کچھ نہیں ہو گا تو ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ کیا کر سکتا ہے۔‘

ایوس کا سب سے بڑا بیٹا ان کے ساتھ امریکہ میں ہی تھا اور اس نے پولیس کو اپنے والد کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ لیکن تین دن کی تلاش کے بعد یہ بات واضح ہوگئی کہ ڈوبنے کی اطلاع صرف ایک جھوٹ تھی اور متعدد ریپ کا ملزم اب بھی قانون سے فرار کی راہیں تلاش کر رہا ہے۔

کیلیفورنیا میں مقامی پولیس کے پاس موجود دستاویزات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ گمشدگی کی اطلاع ملنے کے تین بعد ایوس کو کیلیفورنیا کے ساحل پر دیکھا گیا تھا۔

ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ ایوس ’پاگل سکاٹ مین‘ کی طرح لگ رہا تھا جبکہ ایک دوسرے عینی شاہد کی گفتگو سے معلوم ہوا کہ کیسے حال ہی میں گمشدہ شخص مونٹانا جا رہا ہے جہاں اس نے اپنے لیے گھر خریدا ہے۔

ایوس کیسے قانون کی گرفت میں آیا؟

کچھ مہینوں کے بعد ایک مشکوک سا شخص کولاراڈو سپرنگز میں ایک سٹال پر آیا جہاں پتھر اور نگینے فروخت کیے جا رہے تھے۔ یہ مقام اس جگہ سے تقریباً 13 سو کلومیٹر دور تھا جہاں ایوس گمشدہ ہوئے۔

اس شخص نے اپنا تعارف کیمرون میک گریگر کے نام سے کروایا اور اس سٹال پر تقریباً تین ہزار ڈالر خرچ کیے۔

سٹال کی ماملک اینجی کہتی ہیں کہ ’اس کی شخصیت مبہم سی تھی، مجھے معلوم ہو گیا تھا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔‘

یہ شخص خود کو سکاٹش شہری بتا رہا تھا اور اس کی پُشت پر بھیڑیے کا نامکمل ٹیٹو بھی بنا ہوا تھا۔

اینجی کا کہنا ہے کہ اس شخص کے پاس ہر وقت خطیر رقم موجود ہوتی تھی۔

’وہ ہمیشہ پیسے خرچ کر رہا ہوتا تھا۔ وہ ہر کسی کو کھانا کھلا رہا ہوتا تھا، ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے کہ وہ دوست خرید رہا ہو۔‘

اس نے اینجی کو یہ بھِی بتایا کہ وہ امریکی شہری ہے۔

انیجی کہتی ہیں کہ ’میں نے اسے کہا کہ مجھے اپنا پاسپورٹ دِکھاؤ اور اس بات پر وہ غصے میں آگیا۔‘

BBCایوس نے اپنا گھر 2 لاکھ 45 ہزار پاونڈ میں فروخت کر دیا، ٹکٹ خریدے اور امریکی ریاست کیلیفورنیا فرار ہو گئے

اس کے بعد اینجی کو محسوس ہوا کہ کیمرون وہ شخص ہے ہی نہیں جو شاید وہ بننے کی کوشش کر رہا ہے۔

اینجی کہتی ہیں کہ ’میں نے اس کے کار کی لائسنس پلیٹ کی تصویر بنالی۔ پولیس میں میرا ایک دوست تھا میں نے اس سے کہا کہ معلوم کریں کہ یہ شخص کون ہے۔‘

اینجی کے مطابق ان کے پاس امریکی مارشلز کی فون کال آ گئی۔ امریکی مارشلز دراصل ملک بھر میں اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کا ذمہ دار ادارہ ہے۔

انھوں نے مجھے کہا کہ ’اس شخص سے دور رہو، وہ خطرناک ہے۔‘

پھر انھوں نے اینجی سے پوچھا کہ ایوس کہاں رہ رہا تھا اور وہ وہاں سے کس طرف گیا۔

اب امریکی مارشلز کے پاس بہت سی معلومات جمع ہو چکی تھی اور اسی دوران ان کے پاس ایوس کی ایک ہوٹل میں موجودگی کی اطلاع آئی۔

امریکی مارشلز نے مقامی پولیس کی مدد لی اور ہوٹل کے اطراف فرار ہونے کے تمام راستے بند کر دیے۔ اس کے بعد ایوس گرفتار ہوا اور اس گرفتاری کے مناظر پولیس کے کیمروں میں بھی محفوظ ہوئے۔

ایوس کو ڈینور میں ایک جیل میں قید کیا گیا اور وہاں سے پھر انھیں سکاٹ لینڈ کے حوالے کردیا گیا۔

BBCایوس کی پُشت پر بھیڑیے کا نامکمل ٹیٹو بھی بنا ہوا تھا

گرفتاری کے وقت ایوس کے پاس تقریباً 50 ہزار ڈالر اور سونے کے سکے موجود تھے۔ ان کے پاس ایک نئی وین بھی موجود تھی جو انھوں نے امریکہ میں خریدی تھی۔

اینجی کہتی ہیں کہ ضبط کی گئی رقم اور وین ایوس کے حوالے نہیں کی جا سکی تھی، اس لیے پولیس نے انھیں پاور آف اٹارنی سونپ دی۔

انھوں نے ایوس کی وین کو 20 ہزار ڈالر میں فروخت کر دیا اور تقریباً تمام رقم ایوس کو بھیج دی، تاہم ایوس کا دعویٰ ہے کہ انھیں ایک پائی بھی نہیں ملی۔

جب ایوس جیل میں تھے تو اینجی ان سے تین مرتبہ ملنے گئیں۔ ایوس کو بالکل علم ہی نہیں تھا کہ ان کی گرفتاری کی ذمہ دار اینجی تھیں۔

اینجی نے ایوس سے آخری ملاقات سکاٹ لینڈ کے ایک جیل میں کی اور وہاں انھوں نے پہلی مرتبہ اس راز سے پردہ ہٹایا کہ وہ ایوس کی گرفتاری کی ذمہ دار ہیں۔

اینجی کہتی ہیں کہ ’میں نے کہا کہ تمہیں پتا ہے میں نے تمہاری گاڑی کی پلیٹس کے بارے میں پولیس کو بتایا تھا۔‘

’وہ بہت غصے میں تھا۔ میں نے اُسے کہا تم نے غلط امریکی لڑکی سے جھوٹ بولا۔‘

کیلیفورنیا میں موت کا ڈرامہ رچانے کے تقریباً دو برس بعد ایوس کو سکاٹ لینڈ کی عدالت نے چار خواتین کا ریپ کرنے کے جُرم میں 15 برس قید کی سزا سُنا دی۔

ایوس کی ہوس کا نشانہ بننے والی جیڈ کہتی ہیں کہ ’میرے خیال میں اُسے کبھی رہا نہیں کیا جانا چاہیے۔ وہ ہر اس شخص کے لیے خطرہ ہے جو اس کے رابطے میں ہے۔‘

’خوش قسمت ہوں کہ میرا ریپ نہیں ہوا‘’ایک راہب نے میرا ریپ کیا، پھر مجھے حمل گرانے پر مجبور کیا‘شیخوپورہ: ڈکیتی کی وارداتوں میں خواتین کا مبینہ ریپ کرنے والا گینگ جو متنازع پولیس مقابلے میں مارا گیا
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More