افغان خواتین کاروباری مشکلات کے باوجود مستحکم، دوسروں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کررہی ہیں،اقوام متحدہ

اے پی پی  |  Apr 18, 2024

نیویارک۔18اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں سخت رکاوٹوں کا سامنا ہے،اس کے باوجود ان کے زیر انتظام کاروبا ری ادارے دوسری خواتین کے لیےملازمتوں کے مواقع پید اکررہے ہیں۔ عالمی ادارے کے پروگرام برائے ترقی(یو این ڈی پی) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں سخت چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود خواتین کے زیر انتظام کاروبار نہ صرف صنف نازک کے لئے کمانے کے مواقع پیدا کرر ہے ہیں بلکہ ان مشکل حا لات میں اقتصادی استحکام اور امید کے اہم ستون کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں۔

یواین ڈی پی کی ایشیا اور پیسیفک کے علاقائی ڈائریکٹر کانی وگناراجا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں گزشتہ 3 سالوں کے دوران جمع کیے گئے ڈیٹا سے معلوم ہوتا ہے کہ ملک میں کاروباری خواتین انتہائی سنگین حالات میں ناقابل یقین حوصلہ اور دلیری کے ساتھ خواتین کے لئے ملازمت کے وسائل پیدا کرنے کا سبب بنیں ۔تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ افغانستان کی خواتین کو کاروبار کرتے ہوئے کئی رکاوٹوں اور بھاری اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

افغانستان میں 3ہزار کاروباری خواتین سے کئے گئے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ ان میں 41 فیصد خواتین قرض لینے پر مجبور ہوئیں اور تقریبا 3چوتھائی خواتین کو محرم کے بغیر مقامی بازاوں میں سفر پر کرنے پابندی جیسی مشکلات کا سامناکرنا پڑا ۔بتایا گیا کہ مبینہ طور پر صرف 5فیصد خواتین نے بینکوں یا مائیکرو فنانس اداروں کے ذریعے قرض حاصل کیا۔یو این ڈی پی کے مطابق ملک میں کاروبار کا فروغ خواتین کے لئے لائف لائن ثابت ہو ا، خواتین کی زیر قیادت 80فیصد کاروباری ادارے بنیادی آمدن کا ذریعہ بنے اور دوسری خواتین کے لیے ملازمت کے مواقع بھی پیدا کررہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یو این ڈی پی نے شراکت داروں کے ساتھ مل کر 75ہزار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو سپورٹ کیا اور ملک میں 9لاکھ سے زائد افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کئے ۔ افغانستان میں یو این ڈی پی کے نمائندے سٹیفن روڈریکس نے کہا کہ اس ملک میں خواتین طویل عرصے سے گھرانوں کی فلاح و بہبود کے پیچھے محرک اور مقامی معیشتوں کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔

انہوں نے زور دیا کہ افغانستانی خواتین کو بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہےاور یہ رپورٹ اس حوالے سے اضافی بصیرت فراہم کرتی ہے کہ ہم ان کی مدد کیسے کر سکتے ہیں،افغانستان کا مستقبل خواتین کے معاشرتی اور معاشی طور پر مضبوط ہونے پر منحصر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More