پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، سپیکر قومی اسمبلی کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

اے پی پی  |  Apr 18, 2024

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور وسیع علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر یکساں خیالات پر مبنی ہیں، دونوں دوست ممالک کے درمیان عوامی اور پارلیمانی رابطوں سے باہمی مفادات اور اقتصادی تعلقات کے شعبوں میں مزید بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔

برطانوی سفارتکار سے گفتگوکرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری نے تاریخی طور پردونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے دونوں پارلیمانوں کے درمیان پارلیمانی دوستی گروپوں اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں برطانوی دارالعوام کے سپیکر کو ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی۔سپیکر نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی برطانیہ کی ترقی میں بے حد اہمیت ہے،

انہوں نے دونوں ممالک کی ترقی میں ان کی شمولیت کی تعریف کی۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا انمول اثاثہ قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری میں اقدامات کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ پاکستانی طلبا کے لیے سکالرشپ کی صورت میں مزید تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر غور کر ے۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نےسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ اداکیا اور کہا کہ وہ ان کی طرف سے اٹھائے گئے تمام نکات سے متعلقہ حکام کو آگاہ کریں گی ۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاک برطانیہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More