چیئرمین سینیٹ کی کراچی کے علاقے لانڈھی میں گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت

اے پی پی  |  Apr 19, 2024

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد امن اور جمہوریت کے دشمن ہیں اور ملک کا امن خراب کرنے کی کسی مذموم سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس طرح کی بزدلانہ تخریبی کارروائیوں سے ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خود کش دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے بھی کراچی میں گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More