راولپنڈی میں خاتون کے ہاں چھ بچوں کی پیدائش، ’سب صحت مند ہیں‘

اردو نیوز  |  Apr 19, 2024

راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایک خاتون کے ہاں چھ بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ماں اور تمام بچوں کی صحت ٹھیک ہے۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر فرزانہ نے رابطہ کرنے پر اردو نیوز کو بتایا ہے کہ خاتون کے ہاں بچوں کی پیدائش جمعے کی صبح ہوئی۔ چھ نومولود بچوں میں سے چار لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں۔

’ماں اور بچے صحت مند ہیں‘

ڈاکٹر فرزانہ نے اردو نیوز کو مزید بتایا ہے کہ ’چھ بچوں کی پیدائش کے دوران طبی عملے کو بڑا آپریشن کرنا پڑا جو خطرناک بھی ثابت ہو سکتا تھا۔تاہم کامیاب آپریشن کے بعد ماں سمیت چھ بچے بھی صحت مند ہیں۔انہیں اب لیبر روم سے نرسری منتقل کر دیا گیا ہے۔‘ 

ڈی ایچ کیو ہسپتال کی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ اس خاندان کا تعلق راولپنڈی کی ہزارہ کالونی سے ہے۔ خاتون مسز وحید کچھ دنوں سے ہستپال میں ہی داخل تھیں۔

اس موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چھ بچوں کے والد محمد وحید کا کہنا تھا کہ ’اللہ کا شکر ہے جس نے مجھے ایک ہی دفعہ چھ بچوں سے نوازا ہے۔میں بچوں کی پیدائش اور اُن کے صحت مند ہونے پر نہایت خوش ہوں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’آپریشن کا مرحلہ مشکل تھا تاہم اب میری اہلیہ اور بچے دونوں تندرست ہیں۔‘

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More