مفکر پاکستان شاعرمشرق ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبال کا یوم وفات 21اپریل( اتوار) کو منایا جائے گا

اے پی پی  |  Apr 20, 2024

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):مفکر پاکستان شاعرمشرق ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبال کا یوم وفات 21اپریل (اتوار کو) منایا جائے گا۔اس سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا جس میں حکیم الامت ڈاکٹر علامہ اقبال کی تحریک پاکستان کیلئے عظیم خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔شاعر مشرق علامہ اقبال ممتاز قانون دان اور تحریک پاکستان کی اہم شخصیت تھے اور اردو اور فارسی کے ممتاز شاعر تھے۔ڈاکٹر سر علامہ اقبال کو دور جدید کا صوفی شاعر سمجھا جاتا ہے ان کا بحیثیت سیاستدان اہم ترین کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے جو انہوں نے 1930ء میں الہ آباد میں پیش کیا تھا۔علامہ اقبال کا پیش کردہ نظریہ ہی پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا ۔

اسی وجہ سے سر علامہ اقبال کو پاکستان کا نظریاتی سرپرست مانا جاتا ہے وہ اگرچہ قیام پاکستان سے قبل ہی اس جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے لیکن انہیں پاکستان کے قومی شاعر کی حیثیت حاصل ہے۔بطور شاعر ان کی معروف ترین تصانیف میں بانگ درا،بال جبریل،ضرب کلیم،پیام مشرق اور دیگر قابل ذکر کتب شامل ہیں ۔

وہ21اپریل1938ء کو60برس کی عمر میں انتقال کر گئے اور ان کو بادشاہی مسجد لاہور کے سامنے سپرد خاک کیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More