معروف عالم دین ڈاکٹر اسرار احمد کا یوم پیدائش 26 اپریل کو منا یاجائے گا

اے پی پی  |  Apr 23, 2024

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):معروف عالم دین ڈاکٹر اسرار احمد کا یوم پیدائش26 اپریل کو منایا جائے گا۔ڈاکٹر اسرار احمد 26 اپریل 1932ء کو بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع حصار میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ لاہور منتقل ہو گئے اور گورنمنٹ کالج سے ایف ایس سی کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا۔ 1954 میں انہوں سے کنگ ایڈورڈ کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1965ء میں جامعہ کراچی سے ایم اے بھی کیا۔ انہوں نے 1971 تک میڈیکل پریکٹس کی۔بعد ازاں جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔

جماعت اسلامی سے علیحدگی کے بعد انہوں نے 1975 میں ’’تنظیم اسلامی‘‘ کی بنیاد رکھی جس کے وہ بانی قائد تھے۔تنظیم اسلامی کی تشکیل کے بعد آپ نے اپنی تمام توانائیاں تحقیق و اشاعت اسلام کے لیے وقف کردی تھیں۔ آپ نے اسلام اور پاکستان پر 100 سے زائد کتب تحریر کیں جن میں سے 29 کا انگریزی سمیت کئی دیگر زبانوں میں ترجمہ کیا جا چکا ہے۔ آپ نے قرآن کریم کی تفسیر اور سیرت نبوی ﷺپر کئی جامع کتابیں تصنیف کیں۔ عالمی سطح پر آپ نے مفسر قرآن کی حیثیت سے زبردست شہرت حاصل کی۔ ان کے سیکڑوں آڈیو، ویڈیو لیکچرز موجود ہیں جن کے دنیا کی کئی زبانوں میں تراجم بھی ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر اسرار احمد 1981 میں مجلس شوریٰ کے رکن بھی رہے،حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں 1981 میں پاکستان کے تیسرے اعلی ترین شہری اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازا ۔ ڈاکٹر اسرار احمد نے خراب صحت کی وجہ سے اکتوبر 2002 میں تنظیم اسلامی کی قیادت سے دستبردار ہو گئے۔ انھوں نے اپنے بیٹے حافظ عاکف سعید کو تنظیم کا امیر مقرر کیا۔ڈاکٹر اسرار احمد دل کے عارضے اور کمر کی تکلیف کے باعث 14 اپریل 2010ء کو 78 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کو گارڈن ٹاؤن لاہورکے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کے پسماندگان میں ان کی بیوہ، چار بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More