جدید ٹیکنالوجی کے آلات نے تعلیمی شعبہ سمیت تمام شعبوں میں آسانیاں پیدا کی ہیں،گورنر خیبر پختونخوا

اے پی پی  |  Apr 23, 2024

پشاور۔ 23 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر زیادہ سے زیادہ وسائل خرچ کر رہی ہیں، ہسپتالوں میں بہترین سستا علاج معالجہ اور تعلیمی اداروں سے بہترین نتائج صحت و تعلیم کے شعبوں کی کامیابی سمجھی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندھارا یونیورسٹی پشاور کے 8ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر نے کانووکیشن میں اکیڈیمک سیشن 2022-23 میں میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے 265 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 27 طلباء و طالبات کو گولڈ میدلز بھی پہنائے۔تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز حسن خان نے گورنر کو یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی،تقریب میں چانسلر گندھارا یونیورسٹی مسز روئیدہ کبیر، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزڈاکتر شوکت علی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس علی بابا خیل،رجسٹرار،کنٹرولر امتحانات، فیکلٹی اراکین، سینٹ و سنڈیکیٹ کے ممبران سمیت طلباءوطالبات، والدین اور متعلقہ افراد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ و اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ڈاکٹروں نے پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے ساتھ اپنے رویوں میں اخلاق، شائستگی کو لازمی جزو بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ گندھارا یونیورسٹی، کبیر میڈیکل کالج کے منتظمین کو میڈیکل کی معیاری تعلیم کی فراہمی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے طلبہ اور بالخصوص والدین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کا خدمت آپکی زندگی کا مقصد ہونا چاہئے،ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانا اور مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی آپ کا جذبہ ہونا چاہئے،نوجوان طبقہ اپنے متعلقہ شعبوں میں کامیابیاں سمیٹنا اپنا ہدف مقرر کریں ۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے آلات نے تعلیمی شعبہ سمیت تمام شعبوں میں آسانیاں پیدا کی ہیں ۔انہوں نے فارغ التحصیل طلباءوطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ اپنی عملی زندگی میں داخل ہوچکے ہیں،آپ لوگوں نے مریضوں کے علاج معالجہ کے ساتھ ہسپتالوں کی بہتری کیلئے بھی کام کرنا ہے، مریض کی عزت اور خوداری کا احترم بطور ڈاکٹر آپ کے لیے اولین فرض ہے۔ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی، اب یہ آپ کا فرض بنتا ہے کہ اپنے اس فریضہ کو بہترین طریقے سے ادا کرنے کے لے اپنے پیشہ وارانہ کیئریر کومزید بڑھائیں اور نکھاریں ،شعبہ طب سے وابستہ افراد کوموجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق سے روشناس ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے طلباء وطالبات پر عملی زندگی میں بھاری ذمہ داریاں ہیں، بطور ڈاکٹر اپنے پیشہ سے مخلص رہیں ۔انہوں نے کہا کہ عزت و احترام اور شائستگی کو اپنے زندگیوں اور رویوں میں یقینی بنائیں۔ غریب عوام کے علاج معالجہ کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں اس سے آپکو دنیا و آخرت میں کامیابی ملے گی اور دلی سکون بھی ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاں ڈاکٹر ز اپنی پیشہ ورانہ مہارت میں کسی سے کم نہیں اور اس حقیقت کی تصدیق بیرون ملک ہمارے ڈاکٹرز کی بڑھتی ہوئی مانگ ہے۔گورنر نے کہاکہ گندھارا یونیورسٹی اور کبیر میڈیکل کالج نے وقت کے ساتھ ساتھ جس طرح اپنے تعلیمی معیار کو نکھارا ہے اورنصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں منعقد کی ہیں یہ قابل ستائش ہیں اور صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن لینے پر کبیر میڈیکل کالج کی ڈین، فیکلٹی اراکین و انتظامیہ کو مبارکباد پیش بھی کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More