اسلامی تعاون تنظیم کی مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مسلسل اور المناک قتل عام کی مذمت

اے پی پی  |  Apr 23, 2024

جدہ ۔23اپریل (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مسلسل اور المناک قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں حال ہی میں دریافت ہونے والی اجتماعی قبروں کی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سینکڑوں بے گھر، زخمیوں اور بیماروں کے ساتھ ساتھ طبی قافلوں میں شامل لوگوں کو قتل کرنے اور اجتماعی تدفین سے پہلے انہیں تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔

منگل کو اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں او آئی سی نے اسے جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جرم کے علاوہ ایک منظم ریاستی دہشت گردی قرار دیا جس کے لیے بین الاقوامی فوجداری قانون کے تحت تحقیقات کی ضرورت ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

او آئی سی نے اسرائیلی قبضے کو اس کے جرائم اور فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل دہشت گردی کے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جو تمام انسانی اقدار کی نفی اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہیں۔ او آئی سی نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگی جرائم کو روکنے اور فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More