جب انڈین خاتون کی ناک کی کیل کا پیچ پھیپھڑے سے ملا

بی بی سی اردو  |  Apr 26, 2024

BBCانڈیا کے میڈیا کے مطابق گزشتہ دہائی میں ایسے صرف دو ہی کیسز سامنے آئے ہیں۔

جب ورشا ساہو نے حادثاتی طور پر ناک میں پہنی جانے والی کیل کا پیچ ہضم کر لیا تو ان کو شروع میں زیادہ پریشانی نہیں تھی۔

ان کا خیال تھا کہ یہ معدے میں جا چکا ہے اور قدرتی طور پر ہاضمے کے نظام کی مدد سے جسم سے باہر نکل جائے گی۔

لیکن یہ دھات پیٹ میں جانے کے بجائے ان کے پھیھڑے میں پھنس گئی اور کئی ہفتے تک انھیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا رہا۔ بعد میں ڈاکٹروں نے اسے سرجری کے ذریعے باہر نکال دیا۔

انڈیا میں زیادہ تر شادی شدہ خواتین کی طرح 35 سالہ ورشا نے بھی 16-17 سال پہلے شادی کے ساتھ ہی ناک میں کیل پہننا شروع کیا تھا جسے شادی شدہ ہونے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

کلکتہ میں اپنے گھر سے بی بی سی سے فون پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم نہیں تھا کہ ناک کے کیل کا پیچ ڈھیلا ہو چکا ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’میں بات کر رہی تھی جب میں نے گہرا سانس لیا اور سانس اندر کھینچتے ہوئے مجھے پتہ ہی نہیں چلا کہ یہ سانس کی نالی میں چلا گیا۔ مجھے لگا یہ میرے پیٹ میں گیا ہو گا۔‘

ڈاکٹر دیبراج جاش، جنھوں نے ورشا کے پھیپھڑے سے گزشتہ ماہ ناک کی کیل کا پیچ نکالا اسے ایک ’نہایت غیر معمولی کیس‘ قرار دیتے ہیں کیوں کہ انڈیا کے میڈیا کے مطابق گزشتہ دہائی میں ایسے صرف دو ہی کیسز سامنے آئے ہیں۔

ڈاکٹر دیبراج کا کہنا ہے کہ ’کبھی کبھار ایسے کیس آتے ہیں کہ خشک میوہ جات کسی کے پھیپھڑے میں چلے گئے ہوں لیکن ایسا زیادہ تر بچوں یا 80 سال سے بڑی عمر کے ادھیڑ عمر افراد کے ساتھ ہوتا ہے۔ 30 سال کی عمر کی خاتون مریضہ کے ساتھ ایسا ہونا غیر معمولی ہے۔‘

BBCورشا ساہو کے گمان میں بھی نہ تھا کہ یہ پیچ ان کے پھیپھڑے میں جا چکا ہے

ورشا کی کہانی اس وقت منظر عام پر آئی جب اس واقعے کے ایک ماہ بعد وہ ایک ڈاکٹر کے پاس گئیں اور بتایا کہ ان کو مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں تکلیف کے ساتھ نمونیا کی شکایت ہے۔

ان کا خیال تھا کہ ناک پر لگنے والے ایک زخم کی وجہ سے ان کو سانس لینے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

جب ادویات سے ان کو آرام نہیں آیا تو انھوں نے پلمونالوجسٹ یعنی ان امراض کے ماہر ڈاکٹر کو دکھایا جنھوں نے سی ٹی سکین اور ایکس رے کیا تو علم ہوا کہ معاملہ کیا ہے۔

پلمونالوجسٹ نے ایک چھوٹا سا کیمرہ، جس کے ساتھ فورسیپ یا کاٹ دار آلہ نصب ہوتا ہے، ان کی سانس کی نالی میں ڈالا لیکن وہ کامیاب نہیں ہو پائے جس کے بعد ورشا کو ڈاکٹر دیبراج کے پاس بھیجا گیا۔

وہ کہتے ہیں کہ ’ہمیں پہلے مریضہ کو تسلی دینا پڑی کیوں کہ وہ پہلے طبی عمل کے فوری بعد ایک اور طبی عمل سے گزرنے کے بارے میں پریشان تھیں۔ ہم نے ان کو وضاحت کی کہ انسانی جسم میں کسی بیرونی شے کی کوئی جگہ نہیں اور اسے نکالنا ضروری ہے۔‘

’ہم نے ان کو بتایا کہ ان کا جسم اسے تسلیم نہیں کرے گا اور اگر اس کا علاج نہیں کیا گیا تو ان کا نمونیا بدتر ہوتا چلا جائے گا۔‘

یہ بھی پڑھیےچھاتی سے گرینیڈ نکالنے کا غیر معمولی آپریشن: ’خدشہ تھا کہیں کرنٹ سے گرینیڈ پھٹ نہ جائے‘وہ غیر معمولی آپریشن جس میں ڈاکٹروں نے رحم میں موجود بچے کی رسولی ختم کیBBCسی ٹی سکین اور ایکس رے ہوا تو علم ہوا کہ معاملہ کیا ہے

ڈاکٹر دیبراج کا کہنا ہے کہ ورشا کو یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ایسا بھی ممکن ہے کہ سرجری کے دوران ان کے پھیپھڑے کا ایک حصہ بھی کاٹنا پڑے جس سے پیچیدگی ہو سکتی ہے۔ تاہم ان کے مطابق انھوں نے اس سے قبل اسی طریقے کو ایک بار پھر آزمانے کا فیصلہ کیا جس میں پلمونالوجسٹ کو ناکامی ہو چکی تھی۔

وہ کہتے ہیں کہ ’اس طریقے سے کسی چیز کو نکالنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔ یہ ان کے پھیپھڑے میں تقریبا دو ہفتے سے موجود تھا اور اس کے گرد ٹشو بن چکا تھا۔‘

’ہمیں نہایت محتاط رہنے کی ضرورت تھی کیوں کہ اگر اس دوران یہ پیچ سانس کی تنگ نالی سے ٹکرا جاتا تو زخم ہو سکتا تھا اور خون بہہ سکتا تھا جو بہت نقصان دہ ہوتا۔‘

تاہم 30 منٹ تک جاری رہنے والے اس طبی عمل کو کامیابی حاصل ہوئی اور چار دن بعد ورشا کا ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت مل گئی۔

ڈاکٹر دیبراج کا کہنا ہے کہ اب ورشا بلکل ٹھیک ہیں۔

ورشا سے جب میں نے سوال کیا کہ کیا وہ دوبارہ ناک میں کیل پہنیں گی تو وہ ہنس دیں۔ ’کبھی نہیں، میں تصور بھی نہیں کر سکتی کہ ایسا کچھ ہو سکتا تھا لیکن ایسا ہوا۔ اب میں دوبارہ ایسا نہیں ہونے دینا چاہتی۔‘

گردوں کی آٹھ عام بیماریوں کی علامات کیا ہوتی ہیں؟انسانی جسم میں سؤر کے گردے کی پیوند کاری: ’یہ لاکھوں مریضوں کو ایک نئی زندگی دے سکتی ہے‘’لوہے کے پھپیپھڑوں‘ نے کیسے دورِ جدید کے انتہائی نگہداشت یونٹ کی بنیاد رکھی؟چھاتی سے گرینیڈ نکالنے کا غیر معمولی آپریشن: ’خدشہ تھا کہیں کرنٹ سے گرینیڈ پھٹ نہ جائے‘
مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More