قومی اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت پر شروع ہو گا اس میں تاخیر نہیں ہو گی، سردار ایاز صادق

اے پی پی  |  Apr 26, 2024

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ انہوں نے تمام سیکرٹریز کو خطوط لکھوا دیئے ہیں کہ قومی اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت پر شروع ہو گا اس میں تاخیر نہیں ہو گی۔

اگر ہم اجلاس مقررہ وقت پر شروع کرینگے تواراکین اپنی دیگر سرگرمیاں بھی جاری رکھ سکیں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اراکین کو آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم نے سارے ڈویژنز کو بھی خطوط ارسال کئے ہیں کہ کم سے کم جوائنٹ سیکرٹری کی سطح کا آفیسر اپنے بزنس کے دن ایوان میں موجود ہونا چاہئے تاکہ ایوان میں موجود دیتے ہوئے وزراء کو اگر کوئی اضافی معلومات درکار ہوں یا دستاویزات چاہئے ہوں تووہ انہیں بروقت مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر پٹرولیم کو یہاں موجود ہونا چاہئے، وزارت کی طرف سے بھجوائے گئے ڈائریکٹر کو ہم نے واپس بھجوا دیا ہے کم سے کم جوائنٹ سیکرٹری کی سطح کا آفیسر یہاں موجود ہونا چاہئے۔

ابھی وزارت پٹرولیم کی جانب سے یہ درخواست موصول ہوئی ہے کہ اس توجہ دلائو نوٹس کو ملتوی کیا جائے وہ ہمیں نہیں بتا سکتے کہ ہم نے ایوان کس طرح چلانا ہے۔ اجلاس ہم نے اور ایوان نے ملکر چلانا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے کہا کہ وہ وزیر پٹرولیم کو یہاں بلائیں اگر متعلقہ وزیر موجود نہیں تھے تو اجتماعی ذمہ داری کے تحت کسی اور وزیر کو اپنا بزنس سونپ دیتے۔ وزیر پٹرولیم اور وزیر مواصلات کا بزنس ایجنڈے پر موجود ہے انہیں یہاں بلایا جائے۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More