سپریم کورٹ کا چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں6 رکنی لارجر بنچ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملہ پر از خود نوٹس کیس پر 30 اپریل کو سماعت کرے گا

اے پی پی  |  Apr 28, 2024

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):سپریم کورٹ کا 6 رکنی لارجر بنچ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملہ پر از خود نوٹس کیس پر 30 اپریل 2024ء کو سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بنچ جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اﷲ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل ہے۔

کاز لسٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کے معاملہ پر سپریم کورٹ نے دیگر 9 درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی ہیں، جن میں پاکستان بار کونسل، لاہور ہائی کورٹ بار، اسلام آباد ہائی کورٹ بار، بلوچستان ہائی کورٹس بار ایسوسی ایشن سمیت بیرسٹر اعتزاز احسن اور میاں دائود ایڈووکیٹ سمیت دیگر درخواستیں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ کا 6 رکنی لارجر بنچ 30 اپریل 2024ء (منگل) کو صبح ساڑھے 11 بجے ازخود نوٹس کیس پر سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ نے اس ضمن میں اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More