دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان: حارث رؤف اور حسن علی کی واپسی

اردو نیوز  |  May 02, 2024

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعرات کو چیف سلیکٹرز وہاب ریاض، محمد یوسف، عبدالرزاق اور بلال افضل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا۔

اٹھارہ رکنی قومی سکواڈ کی کپتانی بابر اعظم کریں گے۔

سکواڈ میں ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔

فاسٹ بولر حارث رؤف اور آل راؤنڈرز حسن علی سمیت سلمان علی آغا کو سکواڈ میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد یوسف نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل انجری کا شکار ہونے والے اعظم خان اب فِٹ ہیں، جبکہ محمد رضوان بھی اب مکمل طور پر فٹ ہیں لہٰذا دونوں کھلاڑی سکواڈ کاحصہ ہیں۔

سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے بعد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے اعلان کی آخری تاریخ 24 مئی ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ غیرمعمولی ٹیلنٹ کی دستیابی کی وجہ سے ٹیم کا انتخاب آسان نہ تھا۔

آئرلینڈ کے خلاف سیریز 10 سے 14 مئی تک کھیلی جائے گی جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز 22 سے 30 مئی تک ہو گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More