شمالی غزہ مکمل قحط کا شکار ہو چکا ہے، اقوام متحدہ

اے پی پی  |  May 04, 2024

اقوام متحدہ ۔4مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ شمالی غزہ اب مکمل قحط کا شکار ہے اور جنوب میں بھی یہی صورتحال بننے جا رہی ہے۔عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک اعلٰی عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ غزہ اب مکمل قحط کا شکار ہے اس قحط کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے سرحدی راہداریوں کو کھولنا ضروری ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کی ڈائریکٹر سنڈی میکین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے علاوہ بری و بحری راستے سے انسانی امداد کی ترسیل غزہ میں تباہی سے نمٹنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے ایک عہدیدار نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ سمندری راستے سے مزید خوراک پہنچانےکے نئے امریکی منصوبے کی تیاریاں مکمل ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں بھوک کا شکار بچوں کو طبی علاج بھی فراہم کیا جائے گا۔

امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ سمیت دیگر اداروں نے زور دیا ہے کہ قحط کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے سرحدی راہداریوں کو کھولنا ضروری ہے۔واضح رہے کہ شمالی غزہ میں بھوک کے باعث ہونے والی ہلاکتیں سب سے پہلے مارچ کے مہینے کے شروع میں رپورٹ کی گئی تھیں جن میں حکام کے مطابق زیادہ تعداد بچوں کی تھی،عام طور پر جنگ، خشک سالی یا کسی قسم کی دوسری تباہی سے خوراک کی کمی پیدا ہونے کی صورت میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی سب سے پہلے موت واقع ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More