پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن آمدہ حج سیزن کے دوران تقریبا ً34 ہزار عازمین حج کو 170 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی

اے پی پی  |  May 04, 2024

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) آمدہ حج سیزن کے دوران تقریبا ً34 ہزار عازمین حج کو 170 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی، قومی ایئر لائن نے قبل از حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں، آپریشن کا آغاز 9 مئی 2024 سے ہوگا جو 10 جون تک جاری رہے گا۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق پی آئی اے تقریبا ً34 ہزار عازمین حج کو 170 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ 19 ہزار عازمین سرکاری حج سکیم اور 15 ہزار عازمین پرائیوٹ حجاج کے طور پر پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں گے۔ اس سال پی آئی اے پاکستان کے 8 شہروں بشمول اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور ، ملتان ، کوئٹہ ، سیالکوٹ اور سکھر سے جدہ اور مدینہ منورہ کے لئے براہ راست پروازیں چلائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ اس سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگا ، طریق مکہ یا روڈ ٹو مکہ کے ذریعے عازمین حج اپنی سعودی امیگریشن پاکستان ہی میں کروائیں گے ،

اس سے جدہ یا مدینہ منورہ میں امیگریشن کیلئے طویل قطاروں کی کوفت سے بچا جاسکے گا۔ پی آئی اے نے حجاج کرام کی آگاہی کیلئے ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے جس میں نسک ایپلیکیشن سمیت دیگر ضروری ہدایات کا تفصیلی ذکر ہے ، حجاج کرام ٹکٹ بنواتے وقت اپنے موبائل نمبرز کا ضروری اندراج کروائیں تاکہ ان کو انکی پرواز سے متعلق بروقت معلومات میسر رہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی تمام حجاج کرام سے استدعا ہے کہ وہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے دوران پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More