نشہ آور اشیا دے کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، آسٹریلوی رکن پارلیمنٹ

اردو نیوز  |  May 06, 2024

آسٹریلیا میں کوئنز لینڈ کی رکن پارلیمنٹ برٹنی لاؤگا نے کہا ہے کہ انہیں نشہ آور اشیا دے کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

برطانوی اخبار ’دی انڈیپینڈنٹ‘ کے مطابق اسسٹنٹ وزیر صحت نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ پر وسطی کوئنز لینڈ میں ان کے انتخابی حلقے یپون میں حملہ کیا گیا۔

37 سالہ برٹنی لاؤگا نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ وہ اس واقعے کے بعد 28 اپریل کی صبح پولیس کو رپورٹ کیا اور ہسپتال گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہسپتال میں ہونے والے ٹیسٹ نے میرے جسم میں منشیات کی موجودگی کی تصدیق کی جسے میں نے نہیں لیا تھا۔ اس چیز نے مجھ پر خاصا اثر کیا ہے۔ پولیس کی تفتیش جاری ہے۔‘

برٹنی لاؤگا نے کہا کہ حملے کے بعد سے ان سے دوسری خواتین نے رابطہ کیا جنہوں نے الزام لگایا کہ انہیں بھی اسی رات نشہ دیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے اور افسوسناک طور پر یہ ہم میں سے بہت سے لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے۔‘

’یہ ٹھیک نہیں ہے۔ ہمیں منشیات یا حملے کے خطرے کے بغیر اپنے شہر میں سماجی زندگی سے لطف اندوز ہونے کے قابل ہونا چاہیے۔‘

کوئنز لینڈ پولیس نے آسٹریلیا ایسوسی ایٹڈ پریس کو ایک بیان میں تصدیق کی کہ وہ جنسی زیادتی کی شکایت کی تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس نے کہا کہ افسران ’اسی طرح کے واقعات کے دعووں سے آگاہ ہیں۔ جس نے بھی شراب پی رکھی ہے یا اس سے ملتی جلتی چیز کا تجربہ کیا ہے وہ حکام کو رپورٹ کریں۔‘

برٹنی لاؤگا نے کہا کہ انہیں ’جسمانی اور جذباتی طور پر صحت یاب ہونے میں وقت لگے گا۔‘

برٹنی لاؤگا 2015 میں پہلی بار کیپل کی نشست پر منتخب ہونے کے بعد سے تقریباً 10 سال سے پارلیمنٹ کی رکن رہی ہیں۔

کوئنز لینڈ کے وزیراعظم سٹیون مائلز نے کہا کہ ’جس حال سے برٹنی گزر رہی ہے کسی کو بھی اس سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

’میری واحد توجہ برٹنی اور اس کی صحت پر ہے۔ میں نے برٹنی کو بتایا ہے کہ انہیں جو بھی ضرورت ہو ہم ان کی سپورٹ کے لیے کھڑے ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More