حجاز مقدس روانگی سے قبل ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرائیں،وزارت مذہبی امور کی عازمین کو ہدایت

اے پی پی  |  May 06, 2024

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ حجاز مقدس روانگی سے قبل ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرائیں، سعودی عرب میں پیلاکارڈ چیک کیا جائےگا۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق ملک کے 10 حاجی کیمپوں میں پولیو، گردن توڑ بخاراور نزلہ و بخار سے بچنے کے لئے ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔ تمام عازمین حج حجاز مقدس روانگی سے پہلے اپنی ویکسی نیشن مکمل کریں تاکہ سعودی عرب میں انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ترجمان کے مطابق رواں سال کراچی ایئرپورٹ پر بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے پاکستانی عازمین حج کی کراچی ایئرپورٹ پر ہی امیگریشن کا عمل مکمل کر لیاجائےگا۔ سہولت اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر یہ سہولت پہلے سے موجود ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ کی سہولت کی فراہمی کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے کراچی اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر تعیناتی کے لئے امیگریشن کا عملہ بھی پہنچ چکا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے عازمین سے کہا ہےکہ اپنے حج گفٹ پرواز سے 5 دن قبل حاجی کیمپوں سے حاصل کریں۔

پرواز سے 2 دن قبل صرف گروپ لیڈر یا اس کا نمائندہ پورے گروپ کے پاسپورٹ، ٹکٹ ، شناختی لاکٹ، موبائل سم اور بیگ سٹکرز وغیرہ کے لئے حاجی کیمپ جا سکتا ہے تاہم اس کے پاس گروپ ممبران کے اصل شناختی کارڈ اور بینک رسید وغیرہ لازمی ہونی چاہیے۔ بینک بوتھ سے ذاتی خر چ کے لئے سعودی ریال بھی خریدنے کی سہولت موجود ہوگی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More