محمد حارث کو ٹیم میں شامل کیوں نہیں کیا گیا؟ بابر اعظم نے بتا دیا

اردو نیوز  |  May 06, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم کو اس بار دو گنا زیادہ اعتماد ہے کہ ورلڈ کپ کی ٹرافی جیت کر آئیں گے۔

پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ’ماضی میں بھی ہمارا ہدف یہ تھا کہ ہم نے ٹرافی لانی ہے۔ بدقسمتی سے ایسا نہیں کر پائے تاہم اس بار دو گنا زیادہ اعتماد ہے کہ ٹرافی جیت کر آئیں گے، پوری توجہ اور سو فیصد دیں گے۔‘

وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی ٹیم میں جگہ نہ بننے پر بابر اعظم نے کہا کہ ’ورلڈ کپ (ٹی20 ورلڈ کپ 2022) کے بعد محمد حارث کو ویسا موقع نہیں ملا۔ حارث کا جو نمبر تھا وہ ٹاپ آرڈر کا تھا۔ ٹاپ آرڈر میں صائم، میں، رضوان اور فخر ہیں۔ پی ایس ایل میں حارث کو موقع ملا جس سے وہ فائدہ نہیں اٹھا سکا۔‘

پاکستان کی ٹی20 اور ون ڈے ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کے مخصوص گیم پلان کے بارے میں سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ ’میرا ماننا یہ ہے کہ یہ ذاتی گیم نہیں ہے۔ جو ٹیم کے لیے بہترین ہو گا اُس پر ہم لبیک کریں گے۔ جو ٹیم کے لیے بہترین بیٹنگ لائن اپ یا بولنگ لائن اپ ہو گی، ہم اس پر جائیں گے۔‘

ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ میں وراٹ کوہلی کو آؤٹ کرنے کے پلان کے بارے میں سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ ’صرف یہ نہیں ہے کہ ایک ٹیم کے ایک بندے کے خلاف پلان کرتے ہیں بلکہ پوری ٹیم کے خلاف پلاننگ کرتے ہیں۔ کوہلی بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔ کوشش کریں گے اس کے خلاف بہترین پلاننگ کریں۔‘

حسن علی کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل کرنے پر بابر اعظم نے کہا کہ ’یہ میں بھی کافی دیر سے سن رہا ہوں کہ اُس (حسن علی) کو کیوں لایا گیا ہے۔ سلیکٹرز نے اس بات کو واضح کیا کہ حسن علی بیک اپ کے طور پر آیا ہے۔ یہ نہیں ہے کہ کسی ایک بندے کے کہنے پر حسن علی کو ٹیم میں لایا گیا ہے۔‘ 

محمد حارث کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ ’پی ایس ایل میں حارث کو موقع ملا جس سے وہ فائدہ نہیں اٹھا سکا‘ (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 10 مئی سے ڈبلن کے کاسل ایوینیو سٹیڈیم میں ہو گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچز 10، 12 اور 14 مئی کو کھیلے جائیں گے۔

آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہو گی۔ 

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز بالترتیب 22، 25، 28 اور 30 مئی کو کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوران ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

اس سیریز کے بعد ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکہ اور ویسٹ انڈیز روانہ ہو گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More