امن کے بغیر پائیدار ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی یونیورسٹی آف نارووال میں کانفرنس سے خطاب

اے پی پی  |  May 06, 2024

نارووال۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ امن کانفرنس کا مقصد سوشل میڈیا پر غلط معلومات کے ذریعے معاشرے میں انتہا پسندی، نفرت ، عدم برداشت اور تعصب کو پھیلانے والوں کے خلاف اساتذہ ، طلبہ اور سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا ، ہم نے پاکستان کے امن و ترقی اور خوشخالی کے جو خواب دیکھیں ہیں ان کی تکمیل کا واحد ذریعہ امن و امان ہے،عدم برداشت اور غلط معلومات کو معاشرے میں پھیلانے والے شرپسند طبقوں کی بیخ کنی اور حوصلہ شکنی کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال سپورٹس جمنازیم میں یونیورسٹی آف نارووال کے زیراہتمام امن، تعلیم اور ترقی کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے کہا کہ آج اس کانفرنس کا مقصد ہرگز یہ نہیں ہے کہ 6 مئی کو جو واقع میرے ساتھ پیش آیا تھا اس سے سیاسی ہمدردی حاصل کی جائے،اس نوجوان سے میر ی کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی اور نہ ہی کو تنازع تھا لیکن سوشل میڈیا اور سیاست کے ذریعے اس نوجوان کے ذہن میں نفرت ، تعصب اور انتہا پسندی کے بیج بوئے گئے ، جس کا اظہار اس نوجوان نے پستول کے ذریعے مجھ پر گولی چلا کر کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان کودرپیش سب سے بڑا چیلنج غلط معلومات پر مبنی پروپیگنڈہ ہے جس سے ہمارے معاشرے کی بنیادی اخلاقیات اور اقدار کو پامال کیا جاتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اگر کسی ملک کے پاس دنیا بھر کے وسائل ، ذرائع اور سہولیات میسر ہوں لیکن امن نہیں ہے تو اس ملک کو خانہ جنگی سے کوئی نہیں روک سکتا ، انسانی تاریخ میں ترقی و خوشحالی کا عمل امن کے بغیر نا مکمن رہا ہے۔

چوہدری احسن اقبال نے کہا کہ ہم ترقی کرنا چاہتے ہیں تو امن، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور مسلسل اصلاحات کی چار شرائط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر پائیدار ترقی اور خوشخالی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مذہب اسلام کی بنیاد صرف امن اور امن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں ہماری سیاست بد قسمتی سے عدم برداشت اور تعصب کا شکار ہو چکی ہے حتیٰ کہ کچھ لوگوں نے مذہب کو اپنے مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی وجہ امن کے لیے جدوجہد تھی کیونکہ مسلمان بطور اقلیت ہندوستان میں خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے تھے، اس لیے آج ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اپنی اقلیتوں کا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرے۔

کانفرنس میں وائس چانسلر میڈیکل یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد ڈاکٹر ظفر چوہدری،ضیاء الحق، معروف صحافی اور کالم نگار مجیب الرحمان شامی، اجمل شامی اور خورشید ندیم ، ڈرامہ رائٹر سرمد کھوسٹ، ممبران قومی اسمبلی چوہدری انوار الحق، ممبر صوبائی اسمبلی رانا منان خان، ایم ایل اے چوہدری اکمل سرگلہ، پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عبدالرزاق سمیت ممتاز سماجی، سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More