سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں سیاسی جماعتوں میں تقسیم کرنے کا الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا، مزید سماعت 3 جون تک ملتوی

اے پی پی  |  May 06, 2024

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پشاور ہائیکورٹ کا مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 جون 2024 تک کیلئے ملتوی کر دی۔ جسٹس سیدمنصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے پیر کو یہاں کیس پر سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس سید منصور علی شاہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہمیں عوامی مینڈیٹ کی حفاظت کرنی ہے، اصل مسئلہ عوامی مینڈیٹ کا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے کہ بچی ہوئی نشستیں دوبارہ ان ہی سیاسی جماعتوں میں تقسیم کی جائیں گی؟ پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دیئے۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے آئین کے آرٹیکل 51 کی تشریح کے لئے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کر دی۔

عدالت نے کیس کی سماعت کیلئے لارجر بنچ کی تشکیل کے لئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 3 جون 2024 تک کیلئے ملتوی کر دی ہے اور ریمارکس دیئے کہ تین جون سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔واضح رہے کہ قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشتیں نہ دینے کا فیصلہ دیا تھا اور پشاور ہائیکورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو برقرار رکھا تھا جس کے بعد سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن جبکہ سپیکر کے پی نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More