پاکستان میں فلم کی صنعت ٹیکس فری ہے، ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر فلم کی تیاری خوش آئند ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی ٹیم کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر انٹرنیشنل فلم کی تیاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، ہماری تاریخ، ادب، موسیقی اور فن دنیا بھر میں منفرد اور قابل تعریف ہیں، ہالی وڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی، پاکستان میں فلم واحد صنعت ہے جو ٹیکس فری ہے۔

یہ بات انہوں نے ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم کے ارکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاکستانی ثقافت پر مبنی فلم کی تیاری سمیت ملک کے عظیم ثقافتی ورثے اور تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم کو ملک میں فلم کے شعبہ میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے پاکستانی ثقافت پر فلم کی تیاری کا انتخاب کیا، یہ ہماری ثقافت اور لوگوں کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، ہماری تاریخ، ادب، موسیقی اور فن دنیا بھر میں منفرد اور قابل تعریف ہیں، ہمیں یقین ہے کہ یہ فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع کو دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم کو پاکستان میں فلم انڈسٹری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فلم واحد صنعت ہے جو ٹیکس فری ہے، شہباز شریف کی قیادت میں پچھلے دور حکومت میں ہم نے فلم پالیسی بحال کی، فلم کے شعبہ کو انڈسٹری کا درجہ دیا تاکہ نوجوانوں کو اس شعبہ میں آنے کا موقع مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ 23 ۔ 2022 میں ایک ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا، فنکاروں کے لئے میڈیکل انشورنس اور فلم انڈسٹری کے لئے ٹیکس مراعات سے فلم انڈسٹری اور اس سے وابستہ شعبوں کو فروغ ملا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 23 ۔ 2022 ءمیں فلم سازوں کو پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دی گئی، نئے سینما گھروں، پروڈکشن ہائوسز، فلم میوزیمز کے قیام پر پانچ سال کا انکم ٹیکس، فلم اور ڈرامے کی برآمد پر دس سال کے لئے ٹیکس چھوٹ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر مشترکہ فلم اور ڈرامہ پروجیکٹس پر غیر ملکی فلم سازوں کو بھی رعایت دی گئی ہے،

اس کے لئے پاکستان میں 70 فیصد فلم کی شوٹنگ کی شرط لاگو ہے تاکہ سیاحت اور ثقافت سمیت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان نے اپنا بیانیہ عالمی سطح پرپہنچایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم کو حکومت اور اپنی جانب سے بھرپور حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے تیار کی جانے والی فلم پاکستانی فلمی صنعت کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، فلم کی تیاری سے دنیا بھر کے لوگوں کو پاکستان کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملے گا اور ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔

اس موقع پر ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم نے پاکستان میں میزبانی پر حکومت پاکستان، پاکستان کے عوام اور فلمی صنعت کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ پاکستان سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، پاکستان کی خوبصورتی، عظیم ثقافتی ورثے اور لوگوں سے بہت متاثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلم سازی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، ہم اس صنعت کو مزید آگے بڑھانے میں مدد کے لئے پرعزم ہیں۔ وفد میں جیمز ایم سی میلان، اینڈریو جیمز فیرو، لیوسا اسکن، سعدیہ اشرف، بدر اکرام، مشعل ثاقب شامل تھے۔ واضح رہے کہ ہالی و ڈ پروڈکشن ٹیم پاکستانی ثقافت پر انٹرنیشنل فلم کی عکسبندی کے لئے پاکستان کے دورہ پر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More