بشریٰ بی بی کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم

اردو نیوز  |  May 08, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

بدھ کو  جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست منظور کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ ہفتے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

بشری بی بی نے بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 16 اپریل کو توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی تھی۔ 

جس کے بعد بشری بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی سے متعلق درخواست بحالی کی اپیل دائر کی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 18 اپریل کو عدم پیروی کی بنا پر خارج کی گئی درخواست کو دوبارہ بحال کرتے ہوئے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کی رہائش گاہ بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم بھی قرار دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کو سب جیل میں رکھنے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ عدالت میں جیل حکام نے جیل میں گنجائش نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا تھا۔

جیل حکام نے سیکیورٹی ایشو کی وجہ سے بھی جیل منتقل نہ کرنے کا مؤقف اپنایا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More