وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ازبکستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات،تجارت، معیشت، سیکورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی جس میں تجارت، معیشت، سیکورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزارتِ عظمی کے منصب پر دوسری مرتبہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ازبک وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی طرف سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو ازبکستان کے دورےکی دعوت دی۔

وزیراعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت، معیشت، سیکورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں افغانستان میں دیر پا امن اور ترقی کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور دیگر منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے باہمی مشاورت سے ایک مؤثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More