وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدوم کی ملاقات

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدوم نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے مختلف دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ پاک ایران تعلقات ہمیشہ سے اعتماد، باہمی افہام و تفہیم اور قریبی تعاون پر مشتمل رہے ہیں جنہیں پاکستان بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھ ملاقات اور استقبال کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ایرانی سفیر کی ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لیے ان کی انتھک کوششوں کا اعتراف کیاگیا جوکہ بڑی اہم سفارتی پیشرفت ہے اور وزیر نے اس ضمن میں سفیر کی لگن اورکام کو سراہا۔ ملاقات میں کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقوق بارےایران اور پاکستان کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔دونوں ممالک طویل عرصے سے جاری ان تنازعات پر اپنی حمایت میں ثابت قدم ہیں، جو عالمی سطح پر ایک اہم آواز فراہم کر رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران ایرانی سفیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ ایرانی صدر کا پیغام وزیراعظم پاکستان تک پہنچایا گیا۔ رضا امیری مقدوم نے ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر پاکستانی حکومت کی کوششوں اور انتظامات کی تعریف کی اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اس طرح کے اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کی قومی اسمبلی میں تقریر کرنے پر میاں ریاض حسین پیرزادہ کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے مثبت نتائج بشمول ایران میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور منتقلی پرباہمی افہام و تفہیم پائی جاتی ہے۔

مزید برآں رضا امیری مقدوم نے کہا کہ ایران میں مقدس مقامات پر جانے والے پاکستانی زائرین کی سہولت کے لیے مکمل تعاون فراہم کیاجاتاہے اوراس سلسلہ میں انہیں اپنی بسوں اور سکیورٹی کے ذریعے سفر کرنے کی اجازت ہے۔ ملاقات کے آ خر میں ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں وزارت ہائوسنگ کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد اشفاق گھمن اور ایرانی سفارتخانے کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More