ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی غلام مصطفی شاہ کی 9 مئی کو ملک کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت

اے پی پی  |  May 09, 2024

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی غلام مصطفی شاہ نے 9 مئی کو ملک کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔جمعرات کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو شر پسند عناصر نے پاک افواج کے شہداء کی توہین، ان کی یادگاروں بے حرمتی کی،9 مئی کو ملک کی تاریخی عمارت جناح ہاؤس کو نقصان پہنچانے کا جرم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی نے ہر پاکستانی کے دل کو ٹھیس پہنچائی،9 مئی کے افسوسناک واقعات کی وجہ سے ملک افراتفری اور بد امنی کا شکار ہوا،جناح ہاؤس، فوجی تنصیبات اور ریاستی اداروں پر حملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج خراب کرنے کی ناکام کوشش کی، سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے اور انہیں نشان عبرت بنانے کی ضرورت ہے، پاک افواج کے ان گنت جوانوں نے ملک کی سلامتی و بقاء کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی ملک کی خاطر دی گئیں قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا، ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی یادگاروں کی بے حرمتی قابلِ قبول نہیں، پوری قوم ملک میں امن کے قیام کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے اور انتشار پھیلانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ امن کی صورتحال کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں،ملک کے خلاف مذموم سازشوں کو ناکام بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More