پاکستان اور قطر کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام جاری رکھنا چاہئے، وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ سے ملاقات میں گفتگو

اے پی پی  |  May 09, 2024

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام جاری رکھنا چاہئے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ قطری وزیر مملکت برائے خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے بہترین تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اور مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام جاری رکھنا چاہئے۔

وزیراعظم نے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ قطر پاکستان میں ترجیحی شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) ہم آہنگی کو یقینی بنائے گی اور تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔وزیر اعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

قطری وزیر مملکت نے اپنے استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں قطر کی قیادت کا خصوصی پیغام پہنچایا اور قطر اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ قطری وزیر مملکت برائے خارجہ امور قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی کے طور پر پاکستان کے ایک روزہ دورے پر ہیں

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More