حج سیزن میں ڈرونز اور فضائی ٹیکسیوں کا استعمال کیا جائے گا، وزیر ٹرانسپورٹ

اے پی پی  |  May 10, 2024

ریاض۔10مئی (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس انجینئرصالح الجاسر نے کہا ہے کہ امسال حج سیزن میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی تاکہ عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے العربیہ نیٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج سیزن میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کا شعبہ انتہائی اہم ہوتا ہے۔

رواں سال حج سیزن کے دوران جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرتے ہوئے فضائی ٹیکسیوں اورڈرونز کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی نقل وحمل کو منظم کرنے کے لیے مرتب شدہ جامع پروگرام کے تحت مقررہ وقت پرعملی اقدامات کرنا ہوتے ہیں تاکہ حجاج کرام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حج امور میں لاجسٹک سپورٹ کے لیے وزارت ٹرانسپورٹ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے جس کا بنیادی ہدف عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ کہ حج سیزن کے آغاز سے ہی وزارت کے اہلکار مستعد ہوجاتے ہیں پہلے عازم حج کے مملکت آنے کے ساتھ ہی سیزن کا آغاز ہو جاتا ہے اور آخری عازم حج کے مملکت سے روانہ ہونے تک خدمات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

وزارت نقل وحمل نے گزشتہ سال حج سیزن میں 38 ہزار اہلکاروں پر مشتمل گرینڈ فورس کے ذریعے حج آپریشن کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔ امسال بھی اسی مستعدی سے حج سیزن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ فضائی، بری اور ریلوے تمام ذرائع سے آنے والے عازمین کی خدمت میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More