بجٹ 2024،25: قومی اسمبلی میں شق وار منظوری جاری، اپوزیشن کا شور شرابہ

اردو نیوز  |  Jun 28, 2024

پاکستان کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران بجٹ 2024،25 کی شق وار منظوری دی جا رہی ہے۔

جمعے کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بجٹ کی منظوری سے متعلق تحریک وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیش کی، جس پر سپیکر نے ووٹنگ کی ہدایات جاری کیں۔

اس کے بعد بجٹ کی شق وار منظوری  کا مرحلہ جاری ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’اس وقت کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ نیچے آ چکا ہے اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر نو ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد پر آ گئی ہے۔

 ان کی تقریر کے دوران جے یو آئی اور پی ٹی آئی اراکین نے بجٹ کے خلاف نعرے لگائے۔

سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ووٹنگ کی ہدایت کے باوجود بھی اپوزیشن اراکین نے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔

اجلاس کے دوران جے یو آئی کی رکن عالیہ کامران نے بجٹ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئی ایم ایف کے کہنے پر تیار کیا گیا ہے اور عوام پر بہت بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن علی محمد خان بجٹ کو فارم 47 کا بجٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کرنے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ غریب کش بجٹ ہے اور پہلی بار آٹے پر 18 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا۔

اپوزیشن ارکان بجٹ منظوری کی کارروائی کے دوران نعرے لگاتے رہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

 

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ حکومت نے 142 ترقیاتی مںصوبوں میں سے صرف 11 خیبرپختونخوا کے لیے رکھے ہیں۔

ان کے مطابق ’پی ٹی آئی کو صرف اس لیے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے کیونکہ وہاں کے عوام نے پی ٹی آئی کو کو ووٹ دیا۔‘

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ یہ بجٹ پاکستان کے عوام کے خلاف اقتصادی دہشت گردی ہے۔

ان کے مطابق ’یہ بجٹ ہٹ مین نے بنایا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے خود اعتراف کیا کہ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر بنایا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More