بارباڈوس ایئرپورٹ کا رن ون وے بند، جنوبی افریقی ٹیم کی فلائٹ چھ گھنٹے رکی رہی

اردو نیوز  |  Jun 28, 2024

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر سے سفری مسائل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق بارباڈوس ایئرپورٹ کے رن وے کے بند ہونے کے باعث جنوبی افریقی ٹیم کی فلائٹ ٹرینیڈاڈ میں چھ گھنٹوں تک رکی رہی۔

تفصیلات کے مطابق بارباڈوس کے گرینٹلے ایڈمز ایئرپورٹ پر نجی چھوٹے طیارے کی خراب لینڈنگ کے باعث جنوبی افریقی ٹیم، اُن کی فیملیز، کمنٹیٹرز، میچ آفیشلز اور آئی سی سی آفیشلز ٹرینیڈاڈ ایئرپورٹ پر رُل گئے۔

بارباڈوس ایئرپورٹ کو سِول ایوی ایشن اتھارٹی اور بارباڈوس پولیس سروس کی جانب سے جائزہ لینے کے لیے بند کیا گیا۔

ٹرینیڈاڈ سے جنوبی افریقی ٹیم کی فلائٹ ابھی پرواز بھرنے ہی لگی تھی کہ پائلٹس کو معلومات ملیں کہ بِرج ٹاؤن (بارباڈوس کا دارالحکومت) کے ایئرپورٹ کا رن وے بند ہے۔

ٹرینیڈاڈ سے بارباڈوس جانے والی فلائٹ کے مسافروں کو بتایا گیا کہ فلائٹ کا نیا ٹائم شام ساڑھے چار بجے ہوگا جس کے باعث یہ فلائٹ تقریبا چھ گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہی۔

اس دوران تمام مسافر جہاز سے اتر کر ٹرمینل پر واپس چلے گئے۔ 

رن وے کے بند ہونے کے باعث جنوبی افریقی ٹیم کی فلائٹ ٹرینیڈاڈ میں چھ گھنٹوں تک رکی رہی (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل ٹورنامنٹ کے آغاز کے دنوں میں گروپ راؤنڈ کے دوران جنوبی افریقہ، آئرلینڈ اور سری لنکا کو بھی فلوریڈا سے نیو یارک جانے کے لیے ایئرپورٹ پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تینوں ٹیموں کو پرواز میں غیر معمولی تاخیر کے باعث پوری رات فلوریڈا کے ایئرپورٹ پر گزارنا پڑی۔

صرف یہ ہی نہیں، افغانستان کو بھی سپرایٹ مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری میچ کے بعد سیمی فائنل کے لیے سینٹ ونسینٹ سے ٹرینیڈاڈ جانے والی فلائٹ کے حوالے سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل سنیچر کو بارباڈوس میں جنوبی افریقہ اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ کسی بھی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More