کور کمانڈرز کانفرنس: آپریشن عزمِ استحکام پر بلاجواز تنقید پر اظہارِ تشویش 

اردو نیوز  |  Jul 06, 2024

پاکستانی فوج کی کور کمانڈر کانفرنس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعے کو راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ‘عزمِ استحکام‘ کو اہم قدم قرار دیا۔

بیان کے مطابق ’ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوش حالی کے لیے دہشت گردی اور غیرقانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ وقت کا اہم تقاضا قرار دیا گیا۔‘

’چند حلقوں کی جانب سے ’عزمِ استحکام‘ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اور مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قیاس آرائیوں پر فورم نے اظہارِ تشویش کیا۔‘

فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورت حال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ اور کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کے شرکا نے کہا کہ ’عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لیے کوشاں ہے۔‘

’ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش‘

’کانفرنس کے شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔‘

شرکا نے کہا کہ ’ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کے لیے پُرعزم اور متحد ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’فورم نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور معاشی ترقی و استحکام کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔‘

اس موقعے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ’پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز  سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ سے تیار رہی ہے۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ ’ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More