سری لنکا کے سابق کرکٹر دلیپ سماراویرا پر کرکٹ آسٹریلیا نے 20 سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق خواتین کرکٹرز کے ساتھ غیر اخلاقی رویے کے باعث دلیپ سماراویرا پر کرکٹ آسٹریلیا میں کسی بھی قسم کی پوزیشن پر کام کرنے پر 20 سال کی پابندی لگا دی گئی ہے۔
سری لنکا کی جانب سے سات ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچ کھیلنے والے دلیپ سماراویرا کو رواں سال مئی میں وکٹوریا سٹیٹ کی ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا تاہم خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے غیر اخلاقی رویے کی شکایات کے بعد اُنہیں وقت سے پہلے ہی عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے دلیپ سماراویرا کو کرکٹ آسٹریلیا یا کسی آسٹریلوی ریاست یا کسی بھی علاقائی ٹیم، اور ویمنز بگ بیش لیگ میں کام کرنے پر 20 سال کے لیے پابندی لگا دی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں اسے کوڈ آف کنڈکٹ کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
کرکٹ وکٹوریا کے چیف نِک کمنز نے متاثرہ خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے اس حوالے سے بات کرنے کو بہادری قرار دیا۔
نِک کمنز نے کہا کہ ’ہم کوڈ آف کنڈکٹ کمیشن کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جس میں دلیپ سماراویرا پر 20 سال کی پابندی لگائی گئی ہے۔‘