"اگر میں ذوالفقار علی بھٹو کی بائیوپک بناؤں گا تو مرحوم محمد علی کو کاسٹ کرتا اور عمران خان کے کردار کے لیے حمزہ علی عباسی کو منتخب کروں گا۔ بےنظیر بھٹو کے کردار کے لیے میرا انتخاب مہوش حیات ہوں گی، جبکہ مریم نواز کے لیے ہانیہ عامر یا عائزہ خان کو دیکھ رہا ہوں، مگر ہانیہ عامر بہترین چوائس ہیں کیونکہ وہ مریم کی طرح دکھتی ہیں اور اس کردار کو بخوبی نبھا سکتی ہیں۔"
ندیم بیگ، پاکستان کے نامور ہدایتکار اور اسکرین رائٹر، نے حال ہی میں عفت عمر کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی اور پاکستانی سیاسی شخصیات پر مبنی بائیوپکس کے لیے اداکاروں کی دلچسپ کاسٹنگ کے حوالے سے اہم انکشافات کیے۔ جب عفت عمر نے ندیم بیگ سے سوال کیا کہ وہ اگر پاکستانی سیاستدانوں کی بائیوپک بنائیں تو کس اداکار یا اداکارہ کو چُنیں گے، تو ان کے جوابات نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
ذوالفقار علی بھٹو کی بائیوپک کے لیے ندیم بیگ نے مرحوم اداکار محمد علی کو بہترین انتخاب قرار دیا، جبکہ عمران خان کے کردار کے لیے حمزہ علی عباسی کا نام لیا، جو عمران خان کی شخصیت کو بہترین طریقے سے اسکرین پر لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خواتین سیاستدانوں کی باری آئی تو ندیم بیگ نے سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو کے کردار کے لیے مہوش حیات کو منتخب کیا۔ ان کے مطابق، مہوش نہ صرف بےنظیر کی شخصیت کو بہترین طریقے سے پیش کر سکتی ہیں بلکہ ان کے اعتماد اور جرات کو بھی بخوبی اجاگر کریں گی۔
جب بات مریم نواز کی بائیوپک کی آئی تو ندیم بیگ نے ہانیہ عامر اور عائزہ خان کے ناموں پر غور کیا، مگر آخر میں ہانیہ عامر کو حتمی انتخاب قرار دیا۔ ندیم کا کہنا تھا کہ ہانیہ مریم نواز کی طرح دکھتی بھی ہیں اور ان کی شخصیت کی تمام جہتوں کو بہترین انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ دلچسپ انکشافات سن کر شائقین کو یقیناً ان بائیوپکس کا شدت سے انتظار ہوگا، کیونکہ ندیم بیگ کی یہ کاسٹنگ پاکستانی سیاست کی اہم شخصیات کو منفرد انداز میں پردہ اسکرین پر لانے کا وعدہ کرتی ہے۔