راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 2 خارجی دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز اور خارجی دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں 2 خارجی دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے خارجی دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں ایف سی کی پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 دہشتگرد مارے گئے، حوالدار شہید
ہلاک خارجی دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور علاقے میں بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔