محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی سورج غضب ڈھانے والا ہے، درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ تاہم، حیرت انگیز طور پر بادل بھی برسنے کا امکان موجود ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی آسکتی ہے۔
آنے والے 24 گھنٹوں میں گرمی اور خشک موسم کا راج رہے گا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شمال مشرق سے آنے والی ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔
کراچی کے شہریوں کے لیے خصوصی ہدایات
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی یہ لہر پانچ دن تک برقرار رہ سکتی ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں گیارہویں نمبر پر ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 129 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال لازمی کریں۔
ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی
کراچی کے علاوہ، ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں خشک اور گرم موسم جاری رہے گا، جبکہ مری اور گلیات میں جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، اور کوہستان میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کی امید
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا سامنا ہو سکتا ہے۔