اسلام آباد کے داخلی راستے بند، اہم سرکاری عمارتوں پر رینجرز تعینات

سچ ٹی وی  |  Nov 23, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کردیئے گئے، ایران ایونیو مارگلہ روڈ دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ ایکسپریس وے، ڈی چوک اور زیروپوائنٹ پر بھی کنٹینرز موجود ہے، وفاقی دارالحکومت میں میٹروبس سروس بند، اسلام آباد اور راولپنڈی میں تمام انٹرسٹی بس اڈے تاحکم ثانی بند کردیئے گئے۔

اسلام آباد میں ریڈ زون جانے والے راستوں کو بھی سیل کردیا گیا جبکہ اہم سرکاری عمارتوں پر رینجرز تعینات کردی گئی۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کی شاہراہوں کو مختلف مقامات سے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ ڈی چوک میں رکھے گئے کنٹینرز پر بھی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس ، ایف سی، پنجاب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری ڈی چوک پر تعینات کردی گئی۔

سرینگر ہائی وے کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر کنٹینرز لگا بند کر دیا گیا جبکہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والے راستے ٹی کراس پر کنٹینرز لگا دئیے گئے ہیں۔ ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینرز لگا کر دونوں اطراف سے بند کیا گیا ہے۔ ایکسپریس وے آئی اے انٹری پربھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ گولڑہ موڑ جی ٹی روڈ پر جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔

چھبیس چونگی پل اور اسلام آباد ائیرپورٹ جانے والا راستہ کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ نیو مارگلہ روڈ کو ایک الیون کے مقام پر کنٹینرز سے سیل کردیا گیا۔ ایران ایونیو کو ڈی 12 کے مقام پر بند کیا گیا ہے جبکہ ایکسپریس وے کو سرینگر ہائے وے سے ملانے والا راستہ زیرو پوائنٹ سے بند ہے۔ فیض آباد سے اسلام آباد آنے والا راستہ بند کردیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ بھی مختلف مقامات سے بند ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More