اسلام آباد: مقامی سیمنٹ کی ترسیلات میں نومبر 2024 کے دوران معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ سیمنٹ انڈسٹری نے مقامی طلب بڑھانے کے لیے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق نومبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 5 عشاریہ 58 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سیمنٹ کی مجموعی فروخت 40 لاکھ ٹن سے زائد رہی۔ جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں 3 عشاریہ 927 ملین ٹن رہی تھیں۔
نومبر میں مقامی سیمنٹ کی فروخت 2 عشاریہ 39 فیصد اضافے سے 3 عشاریہ 342 ملین ٹن رہی۔
نومبر میں برآمدات 21 عشاریہ 27 فیصد اضافے کے ساتھ 6 لاکھ 62 ہزار 374 ٹن سے بڑھ کر 8 لاکھ 3 ہزار 258 ٹن ہو گئیں۔ نومبر 2024 میں شمالی علاقے کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 2عشاریہ 925 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت کی۔ جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہیں، وفاقی وزیر خزانہ
جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے نومبر میں ایک عشاریہ 220 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت کی۔
ترجمان پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے کہا کہ سیمنٹ کی فروخت، خاص طور پر مقامی طلب میں اضافے کے لیے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی ناگزیر ہے۔