پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے کوچ لوئس اینریکے نے سنیچر کے روز کہا ہے ’ اعداد و شمار کے لحاظ سے بطور کوچ حالیہ سیزن شاندار رہا ہے جو میرے بہترین کیرئیر کی نشاندہی کرتا ہے۔فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ کشیدگی کی باتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ میڈیا تنقید کرے لیکن نمبرز ہر لحاظ سے سب سے بہتر ہیں۔اسپین کے کوچ نے لیون کے خلاف لیگ میچ سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’پی ایس جی رواں کیلنڈر سال کے لیگ ون کے آخری راؤنڈ میں بغیر کسی شکست کے داخل ہو رہی ہے اور مارسیل اور موناکو سے پانچ پوائنٹس کی برتری کے ساتھ ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے۔ پی ایس جی کے کوچ نے کہا ’میں دیکھتا ہوں تربیت کا معیار بڑھ رہا ہے اور کھلاڑی ہر روز بہتر ہو رہے ہیں، ہم کسی خاص کھلاڑی پر انحصار نہیں کرتے میں صرف ٹیم کی مجموعی کارکردگی دیکھتا ہوں۔‘بارسلونا کے سابق کوچ نے فرانس کے فارورڈ عثمان ڈیمبے کے ساتھ کشیدگی کی باتوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’ تمام کھلاڑیوں کے ساتھ میرا یکساں تعلق ہے۔‘کوچ نے فرانس کے فارورڈ عثمان ڈیمبے کے ساتھ کشیدگی کی باتوں کو مسترد کر دیا۔ فوٹو اے ایف پیلوئس اینریکے نے مزید کہا ’میں کوچ ہوں ، ان کا والد، بھائی یا دوست نہیں، میں وہ فیصلے کرتا ہوں جو ٹیم کے لیے بہترین ہوں اور ایسے فیصلے کرنے میں مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔میرا مقصد تمام کھلاڑیوں کو کمفرٹ زون سے باہر نکالنا ہے چاہے وہ زیادہ کھیلنے والے ہوں یا کم، میں نے اپنے کیرئیر میں ہمیشہ ایسا کیا ہے اور ایسا ہی کرتا رہوں گا اسے تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کے لیے ہمیں غیر مقبول فیصلے بھی کرنے پڑ سکتے ہیں، یہ ایک ٹیم ہے جیسے ایک آرکسٹرا، ہمیں ہم آہنگی کی ضرورت ہے، ہر کوئی ایک جیسا پرفارم نہیں کر سکتا۔