انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 کرکٹر آف دی ایئر کے لیے کھلاڑیوں کو نامزد کردیا جس میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے ناموں میں قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابراعظم کے علاوہ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا، آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ اور بھارتی باؤلر ارشدیب سنگھ بھی شامل ہیں۔
بابراعظم
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر موجود قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے سال 2024 میں 24 میچز میں 33.54 کے اوسط سے 738 رنز اسکور کیے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 75 رہا۔
بابراعظم نے ٹی20 کرکٹ میں گزشتہ 12 ماہ کے دوران پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کیے جب کہ وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں صرف 8 مزید رنز بناکر روہت شرما کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیں گے۔
بابراعظم تینوں فارمیٹ میں 4 ہزار رنز بنانے والے واحد پاکستانی اور دنیا کے تیسرے بلے باز ہیں۔ اس سے قبل بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی اور روہت شرما نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا جو دونوں ٹی20 سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔
سکندر رضا
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے رواں سال 24 میچوں میں 28.65 کی اوسط سے 573 رنز بنائے جس میں ایک سنچری بھی شامل ہے جب کہ وہ 24 وکٹیں بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ سب ریجن کوالیفائر کے ایک میچ میں 133 رنز کی اننگز کھیلی اور 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ٹریوس ہیڈ
آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ نے 15 میچوں میں 38.5 کی اوسط سے 539 رنز بنائے اور ان کا سب سے بڑا اسکور 80 رہا۔
وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے آسٹریلیا کے دوسرے بلے باز رہے، رنز کے اعتبار سے ٹی20 ورلڈکپ میں وہ تیسرے نمبر پر رہے۔
ارشدیب سنگھ
بھارت کے فاسٹ باؤلر ارشدیب سنگھ نے رواں سال 18 میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل، آئی سی سی نے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کو ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ‘ کے لیے نامزد کیا تھا۔ صائم ایوب کے ساتھ سری لنکا کے بیٹر کمندو مینڈس، ویسٹ انڈیز کے فاسٹ باؤلر شمار جوزف اور انگلینڈ کے گس ایٹکنسن بھی نامزد ہوئے ہیں۔